ہماچل میں مانسون کی تباہی جاری، 9 جولائی تک یلو اور اورنج الرٹ
شملہ، 3 جولائی (ہ س)۔ مانسون نے ہماچل پردیش میں زبردست تباہی مچائی ہے۔ ریاست میں مسلسل موسلا دھار بارش، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ریاست میں بادل پھٹنے کے 14 واقعات اور سیلاب کے 3 واقعات ر
شملہ


شملہ، 3 جولائی (ہ س)۔ مانسون نے ہماچل پردیش میں زبردست تباہی مچائی ہے۔ ریاست میں مسلسل موسلا دھار بارش، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ریاست میں بادل پھٹنے کے 14 واقعات اور سیلاب کے 3 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں صرف منڈی ضلع میں 13 مقامات پر بادل پھٹنے سے سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے 9 جولائی تک یلو اور اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے۔

منڈی ضلع میں 30 جون کی رات کو بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ جمعرات کی شام اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق منڈی ضلع میں 14 افراد کی موت ہوئی ہے ، 5 زخمی اور 31 ابھی تک لاپتہ ہیں۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں ضلع کے گوہر، تھوناگ، کارسوگ اور جنجھیلی علاقوں میں راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ اب تک 348 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ 154 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 31 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دو دکانیں اور 106 مویشیوں کے شیڈ گر گئے ہیں جبکہ 14 پل بھی بہہ گئے ہیں۔ اس دوران 165 مویشی بھی مر چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام تک ریاست کی 246 سڑکوں پر ٹریفک بند ہے۔ منڈی میں سب سے زیادہ 145 سڑکیں بند ہیں۔ کولو میں 36، سرمور میں 25 اور شملہ میں 22 سڑکیں بند ہیں۔ اس کے علاوہ کلّو میں 15 ٹرانسفارمر بند پڑے ہیں، جب کہ منڈی میں سب سے زیادہ 353 ٹرانسفارمر غیر فعال ہیں۔ پوری ریاست میں مجموعی طور پر 404 ٹرانسفارمر متاثر ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ مون سون نے پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ منڈی ضلع کی 605 پینے کے پانی کی اسکیموں نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ ہمیر پور میں پینے کے پانی کی 104 اور سرمور میں 21 اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں۔ پوری ریاست میں 784 پینے کے پانی کی اسکیمیں متاثر ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے پانی کے بحران کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کانگڑا، منڈی، ہمیر پور، شملہ اور سرمور اضلاع میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ اگلے دو روز کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 5 سے 9 جولائی تک اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرمور کے پچہد میں سب سے زیادہ 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ہمیر پور کے برسر میں 92 ملی میٹر، شملہ کے جبارہٹی میں 59 ملی میٹر، اونا میں 55 ملی میٹر، نہان میں 42 ملی میٹر، کانگڑا میں 32 ملی میٹر، سرہان میں 29 ملی میٹر، سندر نگر میں 19 ملی میٹر اور شملہ شہر میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آنے والے دنوں میں شدید بارشوں کی وارننگ کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے لوگوں سے دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کاموں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande