نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے گھانا کے تاریخی دورے کے دوران، ہندوستان-گھانا دو طرفہ تعلقات کو جامع شراکت داری کی ایک نئی شکل ملی۔ دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے چار اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور وزیر اعظم کو گھانا کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔
وزیر اعظم مودی اور گھانا کے صدر جان ڈرامانی مہاما نے اکرا کے جوبلی ہاوس میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی جس کے بعد دونوں رہنماوں نے مشترکہ پریس بیان دیا۔ تین دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا گھانا کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صحت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی گئی۔ ہندوستان نے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام (یو پی آئی)، ادویات کی سہولیات (جن اوشدھی)، مہارت کی ترقی، اور ویکسین کی تیاری میں تجربات کا اشتراک کرنے کی تجویز پیش کی۔ نیز، ہندوستان کے تعاون سے چلنے والے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
بات چیت کے دوران چار مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ ان میں ثقافتی تبادلے، معیاری کاری میں تعاون، روایتی طبی تعلیم اور تحقیق، اور وزارت خارجہ کے درمیان مشترکہ کمیشن کے ادارہ جاتی اجلاس شامل ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بات چیت اور تعاون کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر اعظم مودی کو ’آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا‘ اعزاز سے نوازا گیا، جسے انہوں نے ہندوستان کے 1.4 بلین شہریوں، نوجوانوں کی امنگوں، ہندوستان کے ثقافتی تنوع اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کے لیے وقف کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ اعزاز دو طرفہ دوستی کو مزید گہرا کرنے کی ذمہ داری کو بڑھاتا ہے۔
مشترکہ بیان میں، وزیر اعظم نے صدر مہاما کی قیادت میں کی جا رہی ’اقتصادی تنظیم نو‘ کی تعریف کی اور ’فیڈ گھانا‘ پروگرام میں تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان آئی ٹی ای سی اور آئی سی سی آر اسکالرشپس کی تعداد کو دوگنا کرے گا اور ایک ہنر مندی کی ترقی کا مرکز قائم کرے گا۔ دفاعی شعبے میں میری ٹائم سیکورٹی، سائبر سیکورٹی اور فوجی تربیت میں تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ہندوستان نے گھانا کو گلوبل بایو ایندھن اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی اور صاف توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی۔ دونوں رہنماوں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے گھانا کو مغربی افریقہ میں ’امید کی کرن‘ قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان-گھانا دوستی مشترکہ اقدار اور جدوجہد پر مبنی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ ہندوستان کی جی- 200 صدارت کے دوران افریقی یونین کو جی -20 کی مستقل رکنیت ملی۔ انہوں نے عالمی جنوب کے ممالک کی آواز بلند کرنے کے ہندوستان کے عزم کو دہرایا اور ’وائس آف گلوبل ساوتھ‘ سربراہی اجلاس میں گھانا کی شرکت کی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے گھانا میں ہندوستانی برادری کے تعاون کو بھی خاص طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ، ڈاکٹر اور انجینئر ایک طویل عرصے سے وہاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے صدر مہاما کو ہندوستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور گھانا کے تعلقات نوآبادیاتی دور سے لے کر آج تک تاریخی رہے ہیں۔ ہندوستان گھانا میں ریلوے، آئی سی ٹی، روایتی ادویات اور صنعتی منصوبوں میں حصہ لیتا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن