نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س)۔ آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں سمندری سیاحت کو فروغ دینے کے لیے آج کروز سروس کا آغاز کیا گیا۔ مرکزی بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کورڈیلیا کروز ایم وی ایمپریس کو جھنڈی دکھا کر اس خدمت کا افتتاح کیا۔
مرکزی وزارت بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں اور وشاکھاپٹنم پورٹ اتھارٹی کے اس مشترکہ پروگرام میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے کئی سینئر افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی مرکزی وزارت نے ’ایکس‘ پر لکھا، ”آندھرا پردیش میں سمندری سیاحت کی ترقی کے لیے ایک تاریخی لمحے میں، پریمیم کروز جہاز ایم وی ایمپریس کوورچوئل طریقے سے بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر مملکت شانتنو ٹھاکر، آندھرا پردیش میں وزیر سیاحت کنڈولا درگیش، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت میں سکریٹری ٹی کے رام چندرن اور ایم پی متھوکوملی بھرت اس پروگرام میں موجود تھے۔یہ لمحہ کروز اور سمندری سیاحت کے لئے ایک سرکردہ عالمی منزل بننے کے بھارت کے سفر میں اہم قدم ہے۔“
وشاکھاپٹنم پورٹ اتھارٹی نے لکھا کہ کورڈیلیاکروز ایم وی ایمپریس کی گرینڈ فلیگ آف تقریب اور پہلے بورڈنگ پاس کا اجرا وشاکھاپٹنم سیاحت کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد