واشنگٹن ،03جولائی (ہ س )۔
امریکی وزارت دفاع (پینٹاگن) نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر کیے گئے فضائی حملوں کے نتیجے میں تہران کا جوہری پروگرام دو سال تک پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
پینٹاگن کے ترجمان شون بارنل نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ سرکاری تخمینہ شاید دو سال کے قریب ہو ۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے مزید کہا ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے نتائج میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، کیونکہ وہ (تنصیبات) تباہ کی جا چکی ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں کے چند دن بعد، 22 جون کو امریکہ نے ایران میں تین جوہری مقامات پر بم باری کی۔اس کے جواب میں، ایران نے قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے العدید پر حملہ کیا، اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ اپنا تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی جانب سے ایرانی جوہری پروگرام پر کی گئی بم باری طاقت ور اور تباہ کن تھی۔انھوں نے مزید کہا ایران میں جن مقامات کو ہم نے نشانہ بنایا، وہ مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ