ایس ڈی ایم نے سوری چک واقعے پر عوام سے کسی بھی قسم کی معلومات طلب کی
جموں، 29 جولائی (ہ س)۔ جموں ساوتھ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) نے سوری چک واقعے کی مجسٹریل تحقیقات کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 24 جولائی کو پیش آئے واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات، شواہد یا بیانات فراہم کریں، جس کے نتیجے میں پرویز احمد ولد رحمت علی ساکن جاوید نگر، بیلی چرانا، جموں کی موت واقع ہوئی تھی۔
ایس ڈی ایم جموں ساؤتھ کی جانب سے جاری نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری شروع کی گئی ہے۔ تحقیقات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے، وہ تمام افراد جن کے پاس واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات، شواہد، یا زبانی و تحریری بیانات موجود ہوں، اُن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انہیں 4 اگست شام 4:30 بجے تک دفتر سب ڈویژنل مجسٹریٹ، جموں ساؤتھ میں جمع کروائیں۔
نوٹس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جو افراد اپنی شناخت خفیہ رکھنا چاہتے ہیں، ان کی رازداری کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔ ایس ڈی ایم نے واضح کیا کہ یہ اقدام انصاف کی فراہمی اور واقعے سے متعلق تمام حقائق کو منظر عام پر لانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ کوئی بھی پہلو تحقیق سے پوشیدہ نہ رہ جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر