اندھیری
سب وے بند، ٹرینیں تاخیر کا شکار، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
ممبئی، 23
جولائی (ہ س)۔
ممبئی میں مانسون کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں
موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔ بدھ، 23 جولائی کے لیے محکمہ موسمیات
نے یلو الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ جمعرات، 24 جولائی کے لیے اورنج الرٹ دیا گیا ہے،
جس میں اگلے 24 تا 36 گھنٹوں میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا
ہے۔
گزشتہ
شب جنوبی ممبئی کے بائیکلہ، لال باغ، سی ایس ایم ٹی اور چرچ گیٹ جیسے علاقوں میں
شدید بارش دیکھی گئی، جو صبح کے وقت بھی جاری رہی۔ شدید بارش کے سبب اندھیری سب وے
میں 1 تا 1.5 فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے اس راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔ ممبئی ٹریفک
پولیس نے عوام کو مطلع کرتے ہوئے سفر کے متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا
ہے۔
مضافاتی
علاقوں میں مقامی ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے، بالخصوص وسطی اور ہاربر
لائنوں پر 15 تا 20 منٹ کی تاخیر کی اطلاع دی گئی ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں آج مزید
بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے آمدورفت میں مزید خلل واقع ہو سکتا ہے۔
محکمہ
موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل کی صبح سے ہی ممبئی اور اطراف کے علاقوں
جیسے تھانے، کلیان، ڈومبیولی، نوی ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ مانسون کی
طاقتور واپسی کی علامت ہے۔
آئی ایم
ڈی کی پیش گوئی کے مطابق بدھ کی صبح سے بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جو دوپہر
میں عروج پر پہنچ کر رات بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔ ممبئی، تھانے اور پالگھر کے
مختلف مقامات پر جمعرات کے روز شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے، جس کے پیش
نظر برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اپنی تیاریوں کو مکمل کر لیا ہے۔
بی ایم
سی کے مانسون کنٹرول رومز سرگرم ہو چکے ہیں، سیلاب کے خدشہ والے علاقوں میں
عملے کی تعداد بڑھائی گئی ہے، نکاسی آب کے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، اور ہنگامی
حالات سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں تیار ہیں۔
متواتر
بارش کے نتیجے میں زمین میں نمی بھر جانے کے سبب قلیل وقت کی بارش بھی پانی جمع
ہونے کا باعث بن سکتی ہے۔ خطرناک علاقوں جیسے سیون، ہندماتا، کنگز سرکل، کرلا،
اندھیری سب وے، دہیسر اور ملاڈ انڈر پاس میں خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔
پیر، 22
جولائی کو بھی موسلا دھار بارش نے شہر کے کئی حصوں میں معمولات زندگی کو متاثر کیا،
خاص طور پر اندھیری سب وے، پوائی، ساکی ناکا، کرلا کی ایل بی ایس روڈ اور سی ایس ایم
ٹی و مغربی مضافاتی علاقوں میں شام کے وقت بارش تیز رہی، جب کہ دیگر علاقوں میں دن
کے وقت کچھ وقفہ رہا۔
محکمہ
موسمیات نے آج اور کل کے دوران تیز بارش کے سبب ریل و سڑک کی نقل و حمل متاثر ہونے
کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلدی نکلیں، ضروری سامان
ساتھ رکھیں، اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ چونکہ کونکن ریجن
میں مانسون زور پکڑ چکا ہے، ممبئی کو ایک اور بھیگے اور دشوار دن کا سامنا کرنا پڑ
سکتا ہے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / خان این اے