نئی دہلی،23جولائی(ہ س)۔ رضا اکیڈمی، ممبئی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ممتاز اسلامی اسکالر، ماہر تعلیم، امن اور انسانیت کے علمبردار مولانا شیخ ابوبکر کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز’بھارت رتن‘ سے نوازیں۔حال ہی میں ایک ہندوستانی نرس نمیشا پریا کو 16 جولائی 2025 کو یمن میں قتل کے ایک مقدمے میں موت کی سزا سنائی گئی تھی، جو تمام ہندوستانیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث تھا۔ ایسے نازک وقت میں شیخ ابوبکر نے اپنے علم، روحانی اثر اور بین الاقوامی روابط کو استعمال کرتے ہوئے یمن کی حکومت سے رابطہ کیا اور ان کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں نمشا پریا کی پھانسی کو ملتوی کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ہندوستان کے شہریوں کے لیے بڑی راحت اور سکون کا باعث بنی۔
یہ قدم نہ صرف انسانی حساسیت کی ایک منفرد مثال ہے بلکہ ہندوستان کی بین الاقوامی ساکھ کو بھی مضبوط کرتا ہے۔شیخ ابوبکر 94 سال کی عمر میں بھی خدمت، تعلیم اور روحانی رہنمائی کے میدان میں اپنا ناقابل فراموش خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔رضا اکیڈمی کے صدر الحاج سعید نوری نے کہا ہے کہ تمام ہندوستانیوں کی طرف سے مرکزی حکومت اور خاص طور پر پی ایم مودی سے گزارش ہے کہ اس عظیم شخصیت کو ”بھارت رتن“ جیسے باوقار اعزاز سے نوازا جائے، تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام پہنچے کہ ہندوستان اپنے سچے خادموں اور انسانیت کی حفاظت کرنے والی شخصیات کا احترام کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais