جموں, 24 جولائی (ہ س)۔
جموں کے مضافاتی علاقے سورے چک، پھلیاں منڈل میں جمعرات کے روز منشیات فروشوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔
مہلوک نوجوان کی شناخت پرویز احمد عرف بچو ولد رحمت علی سکنہ جاوید نگر، نکی توی کے طور پر ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 30 سال بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال (جی ایم سی) جموں منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم مشتبہ منشیات فروشوں کا پیچھا کر رہی تھی، اسی دوران ستواری تھانہ کے تحت آنے والے منڈل علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق، ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک نامعلوم شخص زخمی ہوا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعد میں اس کی موت واقع ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر