نئی دہلی، 17 جولائی (ہ س)۔ بھارت نے بھی جلد ہی بھارت، روس اور چین کے سہ فریقی اتحاد ( آر آئی سی ) کی میٹنگ بلانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ آج یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مثبت اشارہ دیا اور کہا کہ اس کا فارمیٹ باہمی بات چیت پر مبنی ہے اور اس میں تینوں ممالک عالمی اور علاقائی مسائل پر بات کرتے ہیں۔ یہ ملاقات باہمی رضا مندی سے مناسب وقت پر ہو گی۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے حال ہی میں اس سہ فریقی مذاکراتی پلیٹ فارم کو دوبارہ فعال کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ چین نے بھی اس کی حمایت کی ہے۔ امکان ہے کہ اگلے ماہ کے آخر میں چین میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے رہنما ایک ساتھ مل کر اس سہ فریقی اتحاد کو دوبارہ مضبوط کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ چین سے متعلق ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس اگلے ماہ منعقد ہوگا۔ اس میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا اوربروقت اطلاع دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد