بلرام پور، 17 جولائی (ہ س)۔ غیر قانونی تبدیلی مذہب اور حوالہ نیٹ ورک سے متعلق چھانگور بابا معاملے میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کی صبح بڑی کارروائی کی اور اترولا اور اس کے آس پاس کے 12 ٹھکانوں پر بیک وقت چھاپے ماری کی ۔
ای ڈی کا یہ چھاپہ جمعرات کی صبح 5 بجے شروع ہوا، جو ابھی تک جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چھانگور بابا کے قریبی ساتھی نوین روہرا کے کھاتوں میں کروڑوں روپے کی لین دین کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ رقم کہاں سے آئی اور کن سرگرمیوں میں خرچ ہوئی۔
معاملے کے سلسلے میں، ای ڈی کی ٹیمیں اترولا میں بابا کے اداروں اور رہائش گاہوں کے تالے کھلوا کر تحقیقات کر رہی ہیں۔ اس دوران ڈیجیٹل دستاویزات، بینک ریکارڈ اور حوالہ نیٹ ورک سے متعلق کئی شواہد قبضے میں لیے گئے ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی کو 500 کروڑ روپے سے زیادہ کی غیر ملکی فنڈنگ اور حوالہ کے ذریعے رقم کے لین دین کے اہم سراغ ملے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بابا سے متعلق 12 ٹھکانوں پر ای ڈی کی کارروائی جاری ہے۔
چھانگور بابا نے اترولا سے بڑے پیمانے پر تبدیلی مذہب کا ریکیٹ چلایا اور ملک کے مختلف حصوں میں اپنی سرگرمیاں پھیلائیں۔ ای ڈی کی یہ کارروائی طویل عرصے سے جمع کیے گئے دستاویزات اور اے ٹی ایس سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ کیس میں جلد بڑے انکشافات ہو سکتے ہیں اور مزید کئی گرفتاریوں کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد