سرینگر, 12 جولائی (ہ س)۔ سوپور پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو خود کو پولیس سے قریبی تعلقات کا دعویدار بتا کر شہریوں سے رقم وصول کر رہا تھا۔ ملزم کی شناخت شہزاد احمد ڈار ولد مرحوم محمد رمضان ڈار ساکنہ ڈنگرپورہ سوپور کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، مذکورہ شخص نے ایک مقامی شہری کو پولیس سے متعلق ایک زیر التوا مسئلہ حل کرانے کا جھانسہ دے کر 95,000 روپے کی رقم ہتھیا لی۔ اس نے خود کو بااثر ظاہر کرتے ہوئے متاثرہ فرد کو دھمکایا اور غلط یقین دہانیاں کر کے رقم حاصل کی۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سوپور میں ایف آئی آر نمبر 134/2025 درج کر کے متعلقہ قانونی دفعات کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے دھوکہ دہی کے ہتھکنڈوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی شخص کی طرف سے پولیس کے نام پر رقم طلب کرنے یا دھمکانے کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ضلع پولیس دفتر سوپور سے رجوع کریں۔
پولیس ترجمان نے واضح کیا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو پولیس کا نام استعمال کر کے عوام کو گمراہ کرنے اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر