جموں, 12 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ والدین اور طلبہ کے جذبات اور تعلیمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے، تاکہ نصاب کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔
سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ تعلیم کو والدین اور طلبہ کی جانب سے بڑی تعداد میں پیغامات اور فون کالز موصول ہوئیں، جن میں تعطیلات بڑھانے کے بجائے اسکولوں کے اوقات کار میں ترمیم کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اگر ہم تعطیلات میں اضافہ کرتے تو تدریسی عمل متاثر ہوتا اور نصاب مقررہ مدت میں مکمل نہ ہو پاتا۔ اسی لیے ہم نے اسکول کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ کیا۔
وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ کسی بھی حتمی اقدام سے قبل عوامی رائے جاننے کے لیے باضابطہ سرکلر جاری کیا گیا تھا تاکہ عوام کی آواز کو فیصلے کا حصہ بنایا جا سکے۔ میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ اس معاملے کو عوامی سطح پر لایا جائے تاکہ ہر طبقے کی رائے کا لحاظ رکھا جا سکے۔ اسی ردعمل کی بنیاد پر نیا ٹائم ٹیبل نافذ کیا گیا ہے۔
نظرثانی شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق، شہری علاقوں میں اسکول صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک جبکہ دیہی علاقوں میں صبح 9:00 بجے سے سہ پہر 3:00 بجے تک کام کریں گے۔
سکینہ ایتو نے واضح کیا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل کو اولین ترجیح دیتی ہے اور چاہتی ہے کہ وہ قومی سطح پر مسابقت کے قابل ہوں۔ تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنا ہمارا نصب العین ہے، اور اس کے لیے تدریسی وقت کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ تعلیم آئندہ بھی عوامی احساسات کا احترام کرتے ہوئے، تعلیمی بہتری کے لیے فیصلے لیتا رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر