آئی پی ایل 2025 جیتنے کے بعد آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار نے کہا- وراٹ کوہلی اور مداح اس ٹرافی کے سب سے بڑے حقدار ہیں
احمد آباد، 4 جون (ہ س)۔ رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل 2025) کے فائنل میں پنجاب کنگز کے خلاف سنسنی خیز 6 رن سے جیت درج کر کے 18 سال میں پہلی بار خطاب جیت لیا۔ میچ کے بعد کپتان رجت پاٹیدار نے جیت کے جشن کے درمیان کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسے وراٹ کوہلی اور آر سی بی کے شائقین کے لیے ایک ’’خاص لمحہ‘‘ قرار دیا۔
میچ کے بعد رجت پاٹیدار نے کہا، ’’یہ میرے لیے بہت خاص ہے اور وراٹ کوہلی کے لیے بھی۔ یہ جیت ان شائقین کے نام ہے جو برسوں سے ہماری ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ وہ اس ٹرافی کے اصل حقدار ہیں۔‘‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے کب محسوس کیا کہ ٹیم ٹرافی جیت سکتی ہے، رجت نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ کوالیفائر 1 کے بعد، ہمیں اعتماد تھا کہ ہم اس بار اچھا کر سکتے ہیں۔ اس وقت ہماری ٹیم کا تال اور اعتماد قابل دید تھا۔‘‘
آر سی بی نے پہلی اننگز میں 190 رن بنائے۔ اس پر رجت نے کہا، ’’اس پچ پر 190 رن ایک اچھا اسکور تھا، کیونکہ وکٹ تھوڑی سست تھی۔ گیندبازوں نے جس طرح اپنے پلان پر عمل کیا وہ قابل تعریف ہے۔ خاص طور پر وہ وقت جب کرونال پانڈیا نے گیندبازی کی۔ وہ ٹرننگ پوائنٹ تھا، ان کا اسپیل (4 اوورز، 17 رن، 2 وکٹیں) شاندار تھا۔ وہ ہمیشہ دباو میں وکٹیں لیتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’جب بھی مجھ پر دباو ہوتا ہے، میں دیکھتا ہوں کہ ’کے پی‘ یعنی کرنال کہاں ہیں۔ مجھے ان پر بہت اعتماد ہے۔ ان کے علاوہ سویش، بھونیشور کمار، یش دیال، ہیزل ووڈ - تمام گیند بازوں نے پورے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘‘
وراٹ کوہلی کے آر سی بی کے 18 سالہ سفر پر، رجت نے کہا، ’’میرے لیے ان کے ساتھ کپتانی کرنے کا بہترین موقع تھا۔ مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ وہ اس خطاب کے سب سے زیادہ حقدار ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ٹیم، انتظامیہ اور ہر کھلاڑی کو سپورٹ کیا۔ کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف نے جس طرح تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی وہ حیرت انگیز تھا۔‘‘
آئی پی ایل 2025 کی اس تاریخی جیت کے ساتھ، آر سی بی نے اپنے مداحوں کا طویل انتظار ختم کیا، اور رجت پاٹیدار نے اپنی کپتانی میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن