نئی دہلی، 4 جون (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ایشیا کپ 2025 میں اپنی مہم کا آغاز 5 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔ یہ ٹورنامنٹ 5 سے 14 ستمبر تک چین کے شہر ہانگزو میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کو پول-بی میں رکھا گیا ہے جس میں دفاعی چیمپئن جاپان، تھائی لینڈ اور سنگاپور کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ پول-اے میں میزبان چین کے ساتھ کوریا، ملائیشیا اور چائنیز تائپے کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹیم انڈیا پچھلی بار کانسے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی تھی لیکن اس بار اس کی نظریں گولڈ میڈل پر ہوں گی۔ خاص بات یہ ہے کہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو 2026 خواتین ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفکیشن مل جائے گا جس سے ٹورنامنٹ کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
ہاکی انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ہندوستانی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے کہا کہ ہم ایشیا کپ مہم کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔ جاپان جیسی مضبوط ٹیم کے ساتھ پول میں ہونا ہماری صلاحیتوں اور ذہنی طاقت کا امتحان لے گا، لیکن یہ ہمارے لیے شروع سے ہی اپنی پوزیشن کا اندازہ لگانے کا ایک بہترین موقع ہوگا۔ ہماری توجہ ہوشیار اور نظم و ضبط کے ساتھ ہاکی کھیلنے پر ہوگی۔ ورلڈ کپ میں محفوظ مقام حاصل کرنا ہمارا ہدف ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے آخری بار 2017 میں ایشیا کپ کا خطاب جیتا تھا، جب اس نے فائنل میں چین کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد سے ٹیم مضبوط ہوتی جا رہی ہے اور اس بار اسے ایک بار پھر ٹائٹل کی مضبوط دعویدار تصور کیا جا رہا ہے۔
ایشیا کپ 2025 میں بھارت کے پول-بی میچز:
5 ستمبر 2025: بھارت بمقابلہ تھائی لینڈ
6 ستمبر 2025: جاپان بمقابلہ بھارت
8 ستمبر 2025: بھارت بمقابلہ سنگاپور
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد