آئی پی ایل 2025 میں دہلی کی بڑی کامیابی، ارون جیٹلی اسٹیڈیم کو بیسٹ پچ اینڈ گراونڈ کا ایوارڈ ملا
نئی دہلی، 4 جون (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے کامیاب انعقاد کے بعد دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ بی سی سی آئی نے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کو ’بیسٹ پچ اینڈ گراونڈ‘ ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز پچ کے معیار، آوٹ فیلڈ کی دیکھ بھال اور مجموعی گراونڈ مینجمنٹ میں بہترین کارکردگی پر دیا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ آئی پی ایل 2025 کے دوران گراونڈ اسٹاف کی جانب سے کیے گئے بہترین کام کو تسلیم کرتا ہے۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران ارون جیٹلی اسٹیڈیم نے نہ صرف کھلاڑیوں کو ایک مسابقتی وکٹ فراہم کی بلکہ تماشائیوں کو ایک بہترین تجربہ بھی فراہم کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی اے کے صدر روہن جیٹلی نے کہا، ’’یہ ایوارڈ ہمارے کیوریٹرز، عملے اور انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
ڈی ڈی سی اے کی نائب صدر شیکھا کمار نے کہا، ’’یہ اعزاز ارون جیٹلی اسٹیڈیم کو عالمی معیار کا کرکٹ مقام بنانے کے ہمارے وژن کو تسلیم کرتا ہے۔ دہلی کرکٹ کے لیے یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے۔‘‘
سکریٹری اشوک شرما نے کہا، ’’ہر شاندار میچ کے پیچھے ایک محنتی ٹیم ہوتی ہے جو دن رات کام کرتی ہے۔ یہ ایوارڈ اس جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت ہے۔‘‘
جوائنٹ سکریٹری امت گروور نے کہا، ’’ہم اس اعزاز سے بہت پرجوش ہیں۔ یہ ہمیں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لیے اور بھی بہتر سہولیات تیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔‘‘
خزانچی ہریش سنگلا نے کہا، ’’یہ کامیابی نہ صرف ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ہمارے وسائل کے بہتر انتظام اور منصوبہ بندی کا بھی ثبوت ہے۔‘‘
ڈی ڈی سی اے نے بی سی سی آئی اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے اظہار تشکر کیا ہے اور مستقبل میں مزید عالمی معیار کی کرکٹ کی میزبانی کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف دہلی کے وقار کو بڑھاتا ہے بلکہ کرکٹ کی ترقی کے تئیں ڈی ڈی سی اے کی لگن کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن