جیسن ہولڈر اور آندرے رسیل کی انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی
جیسن ہولڈر اور آندرے رسیل کی انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی نئی دہلی، 3 جون (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے پیر کی دیر رات اپنی ٹیم کا اعلان کیا۔ جیسن ہولڈر اور آندرے رسیل کی اس ٹیم میں واپسی
جیسن ہولڈر


جیسن ہولڈر اور آندرے رسیل کی انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی

نئی دہلی، 3 جون (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے پیر کی دیر رات اپنی ٹیم کا اعلان کیا۔ جیسن ہولڈر اور آندرے رسیل کی اس ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہیں نکولس پورن کو آئی پی ایل کے مصروف شیڈول کے بعد آرام دیا گیا ہے۔

یہ سیریز منگل کو اوول میں ون ڈے سیریز ختم ہونے کے بعد کھیلی جائے گی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس کے بعد واپس آئرلینڈ جائے گی جہاں وہ مزید تین ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ جیسن ہولڈر نے آخری بار فروری 2024 میں ٹی 20 میچ کھیلا تھا جبکہ رسیل نے آخری بار نومبر میں انگلینڈ کے خلاف بارباڈوس میں میدان سنبھالا تھا۔ دونوں کھلاڑی اب مکمل طور پر فٹ ہیں اور ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

نکولس پورن نے آئی پی ایل کے بعد آرام کی درخواست کی تھی جسے ٹیم انتظامیہ نے قبول کر لیا ہے۔ روومین پاویل کی جگہ شائی ہوپ کو ٹی 20 ٹیم کا نیا کپتان بنایا گیا ہے۔ پاویل کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا حالانکہ انہیں بطور کھلاڑی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

شرفن ردرفورڈ اور شمرون ہیٹمائر کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ جسٹن گریوز، شمار اسپرنگر اور ٹیرنس ہانڈس کو اس بار ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔

برینڈن کنگ کو آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے چھٹی دے دی گئی ہے، ان کی جگہ کیسی کارٹی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہیں نئے ٹیسٹ کپتان روسٹن چیز انگلینڈ سیریز کے بعد ٹیم سے باہر ہو جائیں گے اور ان کی جگہ جیڈ گلی کو پہلی بار ٹیم میں موقع ملا ہے۔

ٹیم کے کوچز ڈیرن سیمی، فلائیڈ ریفر اور روی رامپال بھی انگلینڈ سیریز کے بعد بارباڈوس واپس جائیں گے جہاں 13 سے 21 جون تک ٹیسٹ کیمپ لگے گا۔ریان گریفتھ کو آئرلینڈ سیریز کے لیے کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیم:

شائی ہوپ (کپتان)، جانسن چارلس، روسٹن چیس، میتھیو فورڈ، شمرون ہیٹمائر، جیسن ہولڈر، اکیل ہوسین، الزاری جوزف، برینڈن کنگ، ایون لیوس، گڈاکیش موتی، روومین پاویل، آندرے رسیل، شرفن ردرفورڈ، روماریو شیفرڈ۔

آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 ٹیم:

شائی ہوپ (کپتان)، کیسی کارٹی، جانسن چارلس، میتھیو فورڈ، جیڈ گولی، شمرون ہیٹمائر، جیسن ہولڈر، اکیل ہوسین، الزاری جوزف، ایون لیوئس، گڈاکیش موتی، روومین پاویل، شرفن ردر فورڈ، روماریو شیفرڈ۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande