بارش کا قہر، گاوں میں تباہی اور نظام زندگی درہم برہم
مشرقی سنگھ بھوم، 29 جون (ہ س)۔ مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے چکولیا بلاک کے کالیام پنچایت علاقے میں کل رات موسلا دھار بارش نے زبردست تباہی مچائی۔ مسلسل بارش کے باعث پورے علاقے کی سڑکیں، پل اور کچے پکے مکانات زیر آب آگئے ہیں۔ گاوں میں پانی جمع ہونے سے نظام
بارش کا قہر، گاوں میں تباہی اور نظام زندگی درہم برہم


مشرقی سنگھ بھوم، 29 جون (ہ س)۔ مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے چکولیا بلاک کے کالیام پنچایت علاقے میں کل رات موسلا دھار بارش نے زبردست تباہی مچائی۔ مسلسل بارش کے باعث پورے علاقے کی سڑکیں، پل اور کچے پکے مکانات زیر آب آگئے ہیں۔ گاوں میں پانی جمع ہونے سے نظام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے اور لوگوں کو شدید بحران کا سامنا ہے۔

سب سے زیادہ متاثر اکھواپاڑا کے داکھن بسرا اور سالکھان بیسرا گاوں ہیں، جہاں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے مکانات تین فٹ تک پانی سے بھر گئے۔ ان گھروں میں رکھا اناج، کپڑے، فرنیچر اور دیگر ضروری سامان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ سانڈانگری گاوں میں دو گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے جبکہ دیگر کئی گاوں میں درجنوں مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں یا مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔

موسلادھار بارش کے باعث کئی مقامات پر بنے ڈائیورسن اور پلیا پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ گوہال ڈانگرا-کالا جھریا روڈ پر پل کے قریب بنا ڈائیورسن مکمل طور پر زیر آب آ گیا ہے۔ دھدھیکا میں زیر تعمیر پل کے قریب بنے عارضی ڈائیورسن پر پانی چھ فٹ اونچا بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے اس سڑک پر آمد و رفت مکمل طور پر بند ہے۔

کلیام کے چڑھئی ڈوبا کھال پر بنی پلیا کے اوپر سے پانی بہنے لگا ہے جس کی وجہ سے کلیام پنچایت کا سوناہاتو پنچایت سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے متاثرہ گاوں تک امدادی سامان پہنچانا مشکل ہوگیا ہے۔

کلیام پنچایت کے سربراہ داسو ہیمبرم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ بارش کی تباہ کاریوں نے کئی خاندانوں کا سب کچھ چھین لیا ہے۔ لوگوں کے گھر، فصلیں اور سامان مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے فوری امدادی کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی گاوں والوں نے انتظامیہ سے ڈیزاسٹر ریلیف ٹیمیں بھیجنے، کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے اور عارضی پناہ گاہوں کا انتظام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلسل بارش اور پانی جمع ہونے سے پورے علاقے میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande