کانپور، 29 جون (ہ س)۔ سنیچر کی دیر رات، جاجمؤ تھانہ علاقے کے چنگی چوراہا میں واقع مچھلی بازار کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے تین بائک سواروں کو ٹکر مار دی۔ ٹکر مارنے کے بعد ڈمپر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش میں سڑک پر گرے ہوئے نابالغ کے اوپر ڈمپر چڑھا دیا۔ جس سے نابالغ 16 سالہ عادل شیخ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر تفتیش شروع کر دی۔
عادل شیخ بیلٹ بنانے والی فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ وہ اپنی ماں صالحہ اور بہن خوشی کے ساتھ رہتا تھا۔ والد کافی عرصے سے الگ رہ رہے تھے۔ ہفتہ کو متوفی اپنے دوستوں ارباز اور اشرف کے ساتھ موٹر سائیکل پر بریانی کھانے کے لئے جاجمؤ چنگی گیا تھا۔ ارباز موٹر سائیکل چلا رہا تھا جبکہ عادل پیچھے بیٹھا تھا۔ بریانی کھانے کے بعد واپس آتے ہوئے مچھلی منڈی کے قریب رام دیوی سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
واقعے کے بعد ڈمپر ڈرائیور اناؤ کی طرف بھاگ گیا۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے متوفی کے اہل خانہ کو اطلاع دی اور زخمی اشرف اور ارباز کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔
جاجمؤ پولس اسٹیشن کے انچارج اجے پرکاش مشرا نے بتایا کہ اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی تلاش کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد