ممبئی، 29 جون (ہ س)۔ کانٹا
لگا فیم اداکارہ شیفالی جری والا جمعہ کے روز ممبئی کے اوشیوارہ علاقے میں
واقع اپنے فلیٹ پر انتقال کر گئیں تھیں۔ ان کی عمر 42 برس تھی۔پولیس کے مطابق ابتدائی جانچ میں
پولیس کو ان کی موت میں کسی سازش یا مشکوک عنصر کا شبہ نہیں ہے۔ شبہ ہے کہ انہیں
دل کا دورہ پڑا تھا، جس کا تعلق ممکنہ طور پر ان کی جانب سے لیے گئے انجکشن سے ہو
سکتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جری والا نے جمعہ
کی دوپہر ایک اینٹی ایجنگ انجکشن لیا تھا، جو وہ گزشتہ کئی برسوں سے طبی ماہرین کی
نگرانی میں لے رہی تھیں۔ شام کو انہوں نے اپنی معمول کی دوائیں بھی کھائیں۔ شبہ
ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انجکشن اور گولیوں کے اثر سے ان کا بلڈ پریشر اچانک گر گیا،
جس کے نتیجے میں ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اس موقع پر ان کے اہل خانہ انہیں اسپتال لے
کر گئے۔ پولیس کو رات ایک بجے کے قریب اطلاع دی گئی، اور اس کے بعد لاش کو پوسٹ
مارٹم کے لیے کوپر اسپتال روانہ کر دیا گیا۔
فرانزک ماہرین کے ساتھ پولیس کی ٹیم نے
ان کی رہائش گاہ کا معائنہ کیا اور ادویات و دیگر متعلقہ اشیاء کے نمونے جمع کیے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ وہ جمعہ کو کسی مذہبی روزے کی حالت میں تھیں اور خالی پیٹ دوا
کھانے سے حالت مزید بگڑ گئی ہو، لیکن حتمی نتیجہ طبی رپورٹ آنے کے بعد ہی طے کیا
جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیڈم نے کہا کہ بظاہر کسی غیر فطری موت کے
شواہد نہیں ملے اور ڈاکٹروں نے ابھی موت کی وجہ کے بارے میں کوئی واضح رائے نہیں دی
ہے۔
پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج
کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اب تک آٹھ افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں،
جن میں ان کے شوہر، گھر میں کام کرنے والی ملازمہ اور عمارت کا سیکیورٹی گارڈ شامل
ہیں۔ اداکارہ کی آخری رسومات ہفتہ کو اوشیوارہ قبرستان میں انجام دی گئیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / خان این اے