نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ ہندوستانی شوٹنگ ٹیم نے پیر کو اولمپک ڈے منایا اور آئندہ اولمپک کھیلوں میں ملک کے لیے مزید تمغے جیتنے کا اعتماد ظاہر کیا۔ ہندوستان نے پیرس اولمپکس 2024 میں شوٹنگ کے تمام 15 مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے 21 رکنی ٹیم بھیجی۔ اس دوران منو بھاکر نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل اور 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ (سربجوت سنگھ کے ساتھ) میں دو تمغے جیت کر تاریخ رقم کی۔ سوپنل کسالے نے مردوں کی 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن میں ہندوستان کے لیے واحد تمغہ جیتا ہے۔
شوٹنگ نے 2024 کے اولمپکس میں ہندوستان کے چھ میں سے تین تمغے جیتنے کے بعد ملک بھر میں اس کھیل کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور ہندوستانی نشانے بازوں کو عالمی سطح پر بڑی پہچان ملی۔ میونخ میں حال ہی میں ختم ہونے والے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ 2025 میں، ہندوستانی نشانے بازوں نے دو سونے اور دو کانسی سمیت کل چار تمغے جیت کر اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا۔ اب کھلاڑیوں کی نظریں 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اگلے اولمپک گیمز پر لگی ہوئی ہیں۔
اولمپک ڈے ہمیں ہماری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے: سربجوت سنگھ
پیرس اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے شوٹر سربجوت سنگھ نے کہا، یہ دن ہم سب کے لیے بہت خاص ہے کیونکہ یہ ہمیں اس محنت کی یاد دلاتا ہے جو ہم نے اولمپکس جیسے بڑے اسٹیج پر ملک کی نمائندگی کرنے کے لیے کی تھی۔ اولمپکس میں حصہ لینا سب سے بڑی کامیابی ہے ۔ 23 سالہ سربجوت نے مزید کہا کہ پیرس اولمپکس اور حالیہ شوٹنگ ٹورنامنٹس میں کامیابی نے ہم سب میں نئی توانائی بھر دی ہے۔ ہم پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستانی نشانے باز لاس اینجلس اولمپکس میں اور بھی زیادہ تمغے جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کریں گے۔
لوگوں کی امید ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے: سوپنل کسالے اولمپک میڈلسٹ سوپنل کسالے نے بھی سربجوت کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا، اس بار اولمپک ڈے منانا اور بھی خاص محسوس ہوتا ہے کیونکہ ہم نے پچھلے سال اولمپکس میں جو کامیابی حاصل کی تھی، اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پورا ملک ہماری طرف دیکھ رہا ہے اور سب ہماری کامیابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، اگرچہ یہ ایک اضافی ذمہ داری ہے، لیکن یہ ہمیں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ہندوستان کو فخر کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شوٹنگ میں ہندوستان کا تمغہ کا سفر ایک نیا باب لکھے گا۔
اولمپک ڈے کیا ہے؟ اولمپک ڈے کا آغاز 1948 میں 23 جون 1894 کو پیرس کے سوربون میں جدید اولمپک گیمز کے قیام کی یاد میں ہوا۔ اس کا مقصد عمر، جنس یا قابلیت سے قطع نظر دنیا بھر میں کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی