ممبئی، یکم جولائی (ہ س)۔ ہندوستانی نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال آئندہ 26-2025 کے گھریلو سیزن میں ممبئی کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) نے گوا جانے کے لیے انہیں جاری کیا گیا کوئی اعتراض نہیں سرٹیفکیٹ (این او سی) واپس لینے کی ان کی درخواست کو قبول کر لیا ہے۔
ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائک نے ایک پریس ریلیز میں کہا، ’’یشسوی ہمیشہ ممبئی کرکٹ کی قابل فخر پیداوار رہے ہیں۔ ہم نے ان کی این او سی واپسی کی درخواست قبول کر لی ہے اور وہ آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ممبئی کے لیے دستیاب ہوں گے۔‘‘
اس سال اپریل میں، جیسوال نے گوا کے لیے کھیلنے کے ارادے سے این او سی مانگا تھا، جسے ایم سی اے نے ’’حیران کن اقدام‘‘ قرار دیا۔ تاہم، ایک ماہ بعد انہوں نے دوبارہ ایم سی اے کو لکھا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ گوا شفٹ ہونے پر غور کر رہے ہیں لیکن اب انہوں نے اپنا پلان تبدیل کر لیا ہے اور وہ ممبئی کے لیے ہی کھیلنا چاہتے ہیں۔
23 سالہ جیسوال نے انڈر 19 سطح سے ممبئی کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے 2019 میں ممبئی کے لیے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 10 فرسٹ کلاس میچوں میں 53.93 کی اوسط سے 863 رن بنا چکے ہیں۔ اس میں ان کی چار سنچریاں، دو نصف سنچریاں اور اتر پردیش کے خلاف 181 رنوں کی بہترین اننگز شامل ہے۔
حال ہی میں ختم ہونے والے ڈومیسٹک سیزن میں انہوں نے جموں و کشمیر کے خلاف رنجی ٹرافی میچ میں ممبئی کے لیے کھیلا، حالانکہ ٹیم وہ میچ ہار گئی تھی۔ انہیں ودربھ کے خلاف سیمی فائنل میں کھیلنا تھا لیکن پریکٹس کے دوران ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے وہ باہر ہو گئے۔
جیسوال اس وقت ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔ انہوں نے لیڈز میں سیریز کے پہلے میچ میں سنچری اسکور کی، حالانکہ ہندوستان وہ میچ پانچ وکٹوں سے ہار گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن