- ہاکی انڈیا کا طویل مدتی منصوبہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا ہے
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے منگل کو انڈیا ’اے‘ مردوں کی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ، جو 08 سے 20 جولائی 2025 تک آنے والے یورپ کے دورے میں شرکت کرے گی۔ اس دورے کے دوران، ہندوستانی ٹیم کل آٹھ میچ کھیلے گی، جس میں یورپ کی کچھ سرکردہ ٹیموں کے خلاف چیلنجنگ میچز شامل ہوں گے۔
اس دورے کا مقصد ابھرتے ہوئے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کو بین الاقوامی سطح کی نمائش فراہم کرنا ہے، اس طرح ہندوستانی ہاکی کے ٹیلنٹ کی پائپ لائن کو مضبوط کرنا ہے۔
ٹیم آئرلینڈ، فرانس اور ہالینڈ کے خلاف دو دو میچ کھیلے گی جب کہ انگلینڈ اور بیلجیم کے خلاف ایک ایک میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچز نوجوان کھلاڑیوں کی مسابقت، فٹنس اور اسٹریٹجک سمجھ بوجھ کا امتحان لیں گے۔
20 رکنی ٹیم میں کئی نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم کی کپتانی سنجے کریں گے، جب کہ موئرنگتھم رابی چندر سنگھ نائب کپتان ہوں گے۔
شیویندر سنگھ کوچ ہوں گے
شیویندر سنگھ جو کہ ہندوستانی سینئر مردوں کی ہاکی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ بھی ہیں، دورے کے دوران ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ وہ جارحانہ ہاکی میں مہارت رکھتے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔
اس دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیویندر سنگھ نے کہا، ”یہ دورہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے یورپی ہاکی کی رفتار، ساخت اور شدت کو سمجھنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ ہم نے ایک ایسی ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں تجربہ اور صلاحیت کا توازن موجود ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ تجربہ کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر ترقی کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔“
انڈیا ’اے‘ ٹیم اپنا پہلا میچ 8 جولائی کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ یہ دورہ ہاکی انڈیا کی طویل مدتی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ بین الاقوامی مرحلے کے لیے اگلی نسل کے ستاروں کو تیار کیا جا سکے۔
یہ انڈیا ’اے‘ ٹیم کا مکمل اسکواڈ ہے: گول کیپر: پون، موہت ہونےنہلی سسی کمار۔
ڈیفینڈر: پرتاپ لکڑا، ورون کمار، امندیپ لکڑا، پرمود، سنجے (کپتان)۔
مڈ فیلڈرز: پوونا چندورا بوبی، محمد راہیل محسن، موئرانگتھم ربی چندر سنگھ (نائب کپتان)، وشنوکانت سنگھ، پردیپ سنگھ، راجندر سنگھ۔
فارورڈز: انگدبیر سنگھ، بوبی سنگھ دھامی، منیندر سنگھ، وینکٹیش کینچے، آدتیہ ارجن لالگے، سیلوم کارتھی، اتم سنگھ۔
اسٹینڈ بائی کھلاڑی: انکت ملک (گول کیپر)، سنیل جوجو (ڈیفینڈر)، سدیپ چرماکو (فارورڈ)۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد