برمنگھم، یکم جولائی (ہ س)۔ انگلینڈ کے تجربہ کار تیز گیند باز کرس ووکس نے اعتراف کیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف ایجبسٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل یہ ہفتہ گیند بازوں کے لیے ایک اور چیلنجنگ ثابت ہو سکتا ہے۔ ووکس اب انگلینڈ کے گیندبازی یونٹ میں سب سے سینئر کھلاڑی ہیں اور وہ اس کردار سے پوری طرح لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ووکس نے پیر کو ایک بیان میں کہا، ’’میں نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کے ساتھ کھیلا ہے اس لیے اب صورتحال کچھ مختلف ہے۔ یہ میرے لیے بہت اچھا موقع ہے۔ میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کر رہا ہوں اور ان سے سیکھ رہا ہوں۔ جب بھی آپ میدان میں قدم رکھتے ہیں، آپ کچھ نیا سیکھتے ہیں اور یہ سفر جاری رہتا ہے۔
36 سالہ ووکس نے یہ بھی کہا کہ اینڈرسن کی طرح وہ بھی 41 سال کی عمر تک کرکٹ نہیں کھیلیں گے لیکن وہ عمر کے حوالے سے ہونے والی تمام باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ میں 41 سال کی عمر میں انگلینڈ کے لیے کھیلوں گا۔ لیکن جب تک میں ٹیم کے لیے کردار ادا کر رہا ہوں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہوں، میں کھیلنا جاری رکھوں گا۔ اگر کبھی ایسا وقت آئے کہ کوئی میرے کندھے پر ہاتھ رکھ کر الوداع کی بات کرے تو یہ بھی ٹھیک ہے۔ لیکن ابھی میں گیم سے بھرپور لطف اندوز ہو رہا ہوں۔‘‘
ہندوستان نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پانچ سنچریاں بنائیں اور دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 1,673 رن بنائے۔ ووکس نے اعتراف کیا کہ پچ بلے بازوں کے موافق تھی اور گیند بازوں کو سخت محنت کرنی پڑی۔
انہوں نے کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ ہندوستانی بلے باز کتنے مضبوط ہیں۔ ہیڈنگلے کی پچ بہت ہموار تھی جس کی وجہ سے گیندبازی مشکل تھی لیکن ہم 20 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ بلے بازوں کے حاوی ہونے کے بعد بھی ہم میچ میں واپس آئے جو کہ ایک اہم صلاحیت ہے۔ ایجبسٹن میں حالات ایسے ہی ہوسکتے ہیں، موسم اچھا ہے، اس لیے گیندبازوں کے لیے یہ ایک اور مشکل ہفتہ ہوسکتا ہے۔
انگلینڈ نے ہیڈنگلے میں 371 رنوں کا تعاقب کیا، جو ٹیسٹ تاریخ میں ان کا دوسرا سب سے زیادہ کامیاب رن کا تعاقب ہے۔ ووکس نے کہا کہ ٹیم اپنے کھیلنے کے انداز میں پراعتماد ہے اور ایسا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا، ’’جب آپ اچھا کھیلتے ہیں اور جیتتے ہیں تو آپ کا اعتماد بڑھتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں بہتر ہونا ہے۔ ہم ان چیزوں کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے جو ہم نے پچھلے ہفتے درست نہیں کیں۔
انہوں نے کہا، ’’ہم کرکٹ کے اپنے انداز سے خوش ہیں، یہی وہ برانڈ ہے جس نے ہمیں سالوں میں کامیابیاں دلائی ہیں۔ ہم اس پر قائم رہیں گے، لیکن بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود ہے اور ہم اس پر کام کریں گے۔‘‘
دوسرا ٹیسٹ کل سے ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن