کشور جینا نیرج چوپڑا کلاسک 2025 سے باہر، یشویر سنگھ کو موقع ملا
نیرج چوپڑا کلاسک اب 5 جولائی کو بنگلورو میں منعقد ہوگا
کشور جینا


بنگلورو،یکم جولائی (ہ س)۔ ہندوستانی بھالا پھینک ایتھلیٹ کشور جینا ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے نیرج چوپڑا کلاسک 2025 سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ اب یشویر سنگھ کو مقابلے میں شامل کیا گیا ہے۔ منتظمین نے پیر کو یہ جانکاری دی۔

کشور جینا نے گزشتہ سال ہانگژو ایشین گیمز میں 87.54 میٹر کے کریئر کی بہترین تھرو کے ساتھ نیرج چوپڑا کے پیچھے دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ وہ سرفہرست پانچ ہندوستانی شرکاء میں شامل تھے، جن میں سچن یادیو، روہت یادیو اور ساحل سلوال بھی شامل تھے۔

جینا کی غیر موجودگی میں اب یشویر سنگھ کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ یشویر فی الحال مردوں کی جیولن تھرو رینکنگ میں 41 ویں نمبر پر ہیں اور انہوں نے 2025 ایشین چیمپئن شپ (گومی، کوریا) میں 82.57 میٹر کے تھرو کے ساتھ اپنا ذاتی بہترین مظاہرہ کیا تھا۔

نیرج چوپڑا کلاسک کو ہندوستان کے پہلے بین الاقوامی جیولن تھرو مقابلے کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ یہ مقابلہ نیرج چوپڑا، جے ایس ڈبلیو اسپورٹس، ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا (اے ایف آئی) اور ورلڈ ایتھلیٹکس (ڈبلیو اے) کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ ہندوستان میں منعقد ہونے والا اب تک کا اعلیٰ ترین بین الاقوامی ایتھلیٹکس ایونٹ ہوگا۔

نیرج چوپڑا کے ساتھ دنیا کے کئی سرفہرست جیولین تھرو ایتھلیٹس بھی اس مقابلے میں حصہ لیں گے، جن میں گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرس، دو بار کے عالمی چیمپئن جرمنی کے تھامس روہلر اور ریو 2016 کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ کینیا کے جولیس یگو شامل ہیں۔

پہلے یہ مقابلہ 24 مئی کو ہونا تھا لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اب اس کی تاریخ تبدیل کر کے 5 جولائی کر دی گئی ہے۔ یہ میچ بنگلورو کے سری کانتیراوا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande