مرشدآباد، 22 جون (ہ س)۔ ضلع کے کنڈی پولیس اسٹیشن کے تحت متھرا موڈ کے قریب بہرام پور-کنڈی ریاستی سڑک پر اتوار کی صبح ایک سڑک حادثے میں چار خواتین سمیت تقریباً پانچ افراد کی موت ہو گئی جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کا مرشد آباد میڈیکل کالج اسپتال اور کنڈی مہاکما اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔ جن میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق 20 یاتریوں کا ایک گروپ بیر بھوم ضلع میں واقع ایک مندر میں پوجا کر کے ٹریکٹر سے واپس آ رہا تھا۔ اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے متھرا موڈ کے قریب ٹریکٹر سڑک کے کنارے کھڑے ایک ڈمپر سے ٹکرا گیا۔ ٹریکٹر موقع پر ہی الٹ گیا۔ اس واقعے میں ڈرائیور سمیت 5 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں بینو رانی سرکار (45)، شمبھو سرکار (40) اور للیتا سرکار (50) شامل ہیں۔ باقی دو کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ مہلوکین اور زخمیوں کا تعلق مرشد آباد کے ہری ہر پارہ تھانے کے رکن پور علاقہ سے ہے۔ حادثے کی اطلاع متاثرہ خاندانوں کو بھیج دی گئی ہے۔ اس حادثے کی وجہ سے ریاستی شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک میں خلل پڑا۔ تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا۔ کافی کوششوں کے بعد جام صاف ہوا اور سٹیٹ ہائی وے پر ٹریفک معمول پر آ گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد