کرگل جنگ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا
لداخ, 22 جون (ہ س)مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں 1999 کی کرگل جنگ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اتوار کو دراس میں واقع تاریخی کرگل وار میموریل پر سرحد شوریہ تھون نامی دوڑ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں لداخ سمیت ملک بھر سے بڑی تعداد می
Kargil


لداخ, 22 جون (ہ س)مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں 1999 کی کرگل جنگ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اتوار کو دراس میں واقع تاریخی کرگل وار میموریل پر سرحد شوریہ تھون نامی دوڑ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں لداخ سمیت ملک بھر سے بڑی تعداد میں افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

یہ دوڑ 26 جولائی کو منائے جانے والے کرگل وجے دیوس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز تھی، جو وطن کے لیے جان قربان کرنے والے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

تقریب میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر محمد جعفر اخون، سینئر فوجی و سول افسران شریک ہوئے۔ کرگل کے ان پہاڑوں کے دامن میں منعقد اس تقریب نے حب الوطنی، جسمانی فٹنس اور قربانی کے جذبے کو ایک ساتھ سمو دیا۔

فوج اور تنظیم سرحد پونے کے اشتراک سے منعقدہ اس دوڑ میں 5 کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 21 کلومیٹر کے زمرے شامل تھے، جن میں نوجوانوں، طلباء، عام شہریوں اور فوجی اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے دراس کی دشوار گزار وادیوں میں دوڑ لگا کر کرگل کے سپاہیوں کی جدوجہد اور عزم کی علامتی عکاسی کی۔

اس موقع پر محمد جعفر اخون نے بھارتی فوج کی قربانیوں پر گہرے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس باوقار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سرحد شوریہ تھون نہ صرف ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے بلکہ قومی یکجہتی اور عزم کو بھی مضبوط کرتی ہے۔

بعد ازاں، اخون نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی اور کرگل کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی۔ شندے نے دراس کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال کو سی ٹی اسکین مشین فراہم کرنے اور کرگل کے لیے نئی ایمبولینس گاڑیاں مہیا کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے دراس میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔

قابل ذکر ہے کہ کرگل وجے دیوس ہر سال 26 جولائی کو ان 559 بھارتی سپاہیوں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande