اندور، 22 جون (ہ س)۔ بوہرہ برادری کے مذہبی پیشوا ڈاکٹر سیدنا علی قدر مفضل سیف الدین صاحب کا خطاب 26 جون سے اندور میں ویڈیو کے ذریعے لائیو ہوگا۔ یہ تقریب 10 دن تک جاری رہے گی اور بوہرہ برادری کے پیروکار پورے ملک اور بیرون ملک سے اندور آئیں گے۔ اس دن سے بوہرہ برادری کا نیا سال شروع ہو رہا ہے۔ اس طبقے کے پیروکاروں کے اندور آنے کے امکان کو دیکھتے ہوئے منتظمین بڑے پیمانے پر تیاریاں کر رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ عقیدت مند اندور پہنچ سکتے ہیں جس میں افریقہ، کویت، دبئی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یمن اور امریکہ سمیت 144 ممالک کے لوگ شامل ہوں گے۔
اندور کے میئر پشیامتر بھارگو نے اتوار کو مقام کا معائنہ کیا اور بوہرہ برادری کے عہدیداروں کے ساتھ انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ میئر نے بتایا کہ بوہرہ برادری کے نئے سال کے پرمسرت موقع پر بوہرہ برادری کے مذہبی رہنما ڈاکٹر سیدنا علی قدر مفضل سیف الدین صاحب چنئی میں 10 دن تک وعظ فرمائیں گے، جو اندور ریلے سنٹر سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ مذہبی رہنما کے خطبات سننے کے لیے اندور ریلے سنٹر میں ایک لاکھ سے زیادہ پیروکاروں کے پہنچنے کی توقع ہے۔ میونسپل کارپوریشن اس تقریب میں ہر طرح سے تعاون کرے گا، تاکہ شہر کی صفائی اور نظم و نسق کو یقینی بنایا جاسکے۔ تقریب کی تیاری کے سلسلے میں اتوار کو مقام کا معائنہ کیا گیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی گئیں۔ اس موقع پر کارپوریشن کے افسران کے ساتھ بوہرہ برادری کے لوگ بھی موجود تھے۔
ادھر میونسپل کارپوریشن نے اس ایونٹ کو زیرو ویسٹ رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں استعمال ہونے والے پانی کو ری سائیکل کیا جائے گا اور بارش کے پانی کو ری چارج کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کی جانب سے 41 ہزار پودے بھی لگائے جائیں گے جو ان کی ماحولیات کے تئیں ذمہ داری کا مظہر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن