حیدرآباد , 20 جون (ہ س)حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں ہونے والے جانی نقصانات پر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) تلنگانہ ، اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔اس سلسلے میں ایس آئی او کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ انیس الرحمٰن، ریاستی صدر محمد فراز احمد، سکریٹری حافظ محمد حماد الدین نے دیگر ممبران کے ہمراہ قونصل جنرل ایران مہدی شاہرخی سے ملاقات کی اور تنظیم کی جانب سے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ وفد کے ذمہ داران نے کہا کہ ایس آئی او ان سخت حالات میں ایران کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تمام متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔وفد نے یہ احساس بھی ظاہرکیاکہ حالیہ دنوں میں ایران کی سرزمین پر ہوئے اسرائیلی حملے، بین الاقوامی اصولوں اور سفارتی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کوظاہر کرتے ہیں۔ عام آبادی کے انفراسٹرکچر اورماہر سائنس دانوں کو نشانہ بنانا قومی خودمختاری، انسانی جان کی حرمت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ ایس آئی او اسرائیل کے اس ظالمانہ رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے۔ہندوستان اورایران کے درمیان تمدنی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کی ایک تاریخی روایت ہے، اور ہم بطور ہندوستانی شہری اور ایک ذمہ دارطلباء تنظیم، ایران کے عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔ ہماری دعاہے کہ یہ بحران سفارتی مذاکرات اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جلدختم ہو اورخطے میں امن و استحکام بحال ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق