علی گڑھ, 17 جون (ہ س)۔ مولانا آزاد لائبریری نے سیج پبلیکیشنز، نئی دہلی کے اشتراک سے ”او این او ایس کے ذریعے تحقیقی معیار میں اضافہ: خصوصی سیج جرنلز“ کے موضوع پر ایک آن لائن تربیتی پروگرام منعقد کیا، جس کا مقصد محققین، اساتذہ اور اسکالرز کو حکومت ہند کے ’ون نیشن ون سبسکرپشن‘ (او این او ایس) اقدام کے تحت دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا تھا۔ پروگرام میں سیج کے معروف جرنلز اور ڈجیٹل ٹولز کے ذریعہ اکیڈمک ریسرچ تک رسائی بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سیج پبلیکیشنز کی محترمہ رینو رانا نے سیج کے علمی وسائل کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو ریسرچ آرٹیکلز کے مینجمنٹ، حوالہ جات ٹولز، اور ریفرنس مینجمنٹ کے طریقے بتائے، اور سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء کے سوالوں کے جواب دیے۔
تربیتی سیشن کی قیادت جناب منوج گپتا، سینئر منیجر (ٹریننگ و اینالٹکس)، سیج پبلیکیشنز نے کی۔ انھوں نے جرنلز کی تلاش، مضمون جمع کرانے کی رہنما ہدایات، حوالہ جات کی نگرانی، الرٹ سیٹ کرنا، اور مِنی ویب سائٹس کی نیویگیشن کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
یونیورسٹی لائبریرین اور پروگرام کوآرڈینیٹر پروفیسر نشاط فاطمہ نے شرکاء اور ماہرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ او این او ایس ہندوستانی تحقیقی نظام کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جو تمام اداروں کو مساوی سطح پر معیاری علمی وسائل تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
اسسٹنٹ لائبریرین جناب محمد یوسف نے او این او ایس منصوبے کا تفصیلی تعارف پیش کیا، جب کہ ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر منور اقبال نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اے ایم یو اور سیج کے درمیان اشتراک عمل کو سراہا۔
سیشن کی نظامت اسسٹنٹ لائبریرین ڈاکٹر ورتیکا بنسل نے کی۔ تربیتی پروگرام میں 600 رجسٹرڈ شرکاء میں سے 160 نے شرکت کی اور ماہرین سے استفادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ