نئی دہلی، 15 جون (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی 15 سے 19 جون تک تین ملکوں کے دورے پر ہوں گے۔ اس دوران وہ قبرص، کینیڈا اور کروشیا جائیں گے۔ کینیڈا میں جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وہ پی ایم مارک کارنی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ بھی کریں گے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق دورے کے پہلے مرحلے میں وزیر اعظم مودی قبرص پہنچیں گے۔ 16-15 جون کا یہ دورہ جمہوریہ قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائڈس کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی اور صدر کرسٹوڈولائڈس کے درمیان دارالحکومت نکوسیا میں بات چیت ہوگی۔
وزیر اعظم مودی کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کی دعوت پر 17-16 جون کو ہونے والی جی-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ یہ وزیر اعظم مودی کی جی-7 چوٹی کانفرنس میں لگاتار چھٹی شرکت ہوگی۔ سربراہی اجلاس میں، وزیر اعظم جی-7 ممالک کے رہنماوں، دیگر مدعو کردہ آوٹ ریچ ممالک کے سربراہان سے بات چیت کریں گے۔ وہ سربراہی اجلاس کے دوران کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اپنے دورے کے آخری مرحلے میں، وزیر اعظم مودی جمہوریہ کروشیا کے وزیر اعظم آندریج پلینکوک کی دعوت پر 18 جون کو کروشیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا کروشیا کا پہلا دورہ ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن