ڈھاکہ، 14 جون (ہ س)۔ بنگلہ دیش میں آئندہ عام انتخابات کی تاریخوں کے اعلان پر سیاسی عدم استحکام کے درمیان عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس آج لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔ چیف ایڈوائزر کے سینئر اسسٹنٹ پریس سکریٹری شفیق الاسلام نے بتایا کہ وہ چار روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ڈھاکہ واپس آگئے ہیں۔ اس دوران پروفیسر یونس کی گزشتہ روز لندن میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ایگزیکٹو صدر طارق رحمان سے ملاقات نے سیاسی تجزیہ کاروں میں تجسس پیدا کر دیا ہے۔
سابق وزیراعظم خالدہ ضیاءکے بیٹے طارق رحمان عام انتخابات کے مطالبے پر عبوری حکومت کو گھیرتے رہے ہیں۔ وہ 16 سال سے لندن میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس ملاقات کے بعد ان کی وطن واپسی کا امکان بڑھ گیا ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق بی این پی کے قائم مقام صدر طارق رحمان نے جمعہ کو لندن کے ایک ہوٹل میں پروفیسر یونس سے ملاقات کی۔ دونوں نے بنگلہ دیش کے اگلے عام انتخابات، اصلاحات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
لندن میں دونوں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا۔ اس میں کہا گیا ہے، ”چیف ایڈوائزر نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات اگلے سال فروری کے پہلے پندرہ دن تک کرائے جائیں گے۔ اگر تمام تیاریاں مکمل ہو جاتی ہیں تو 2026 میں رمضان کے آغاز سے ایک ہفتے پہلے بھی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔“ واضح ہو کہ طارق رحمان بھی یہی مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بی این پی کی صدر بیگم خالدہ ضیا کا بھی ماننا ہے کہ اس وقت انتخابات کرائے جائیں تو بہتر ہوگا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ محمد یونس اور طارق رحمان کی ملاقات بنگلہ دیش کی سیاست میں بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔ اس وقت خالدہ ضیا کی بی این پی بنگلہ دیش کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پروفیسر یونس نے لندن میں برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات کرنی تھی۔ عوامی لیگ کے تحفظات کے بعد اسٹارمر نے یونس سے ملنے سے انکار کردیا۔
ڈھاکہ ٹریبیون اخبار کی خبر کے مطابق، اس عرصے کے دوران پروفیسر یونس نے سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براو¿ن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ 12 جون کو انہوں نے لندن کے سینٹ جیمز پیلس میں کنگ چارلس ششم ہارمونی ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے برطانیہ کی پارلیمانی انڈر سکریٹری برائے انڈو پیسیفک کیتھرین ویسٹ، یو کے ہاو¿س آف کامنز کے اسپیکر سر لنڈسے ہوئل، یو کے بزنس اینڈ ٹریڈ سکریٹری اور بورڈ آف ٹریڈ کے صدر جوناتھن رینالڈز، برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول، ایئربس کے ایگزیکٹو نائب صدر واوٹر وان ورش اور مینجس ایوئیشن کے کارگزار نائب صدر چارلس وائلی ، دولت مشترکہ کے سکریٹری شارلی ایورکر بوچوے اور برطانیہ کے ممبران پارلیمان کے ایک گروپ سے ملاقات کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد