نئی دہلی، 10 جون (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم یو ڈی اے) گھوٹالے کے سلسلے میں بنگلورو میں 92 پلاٹوں کو عارضی طور پر ضبط کیا ہے، جن کی مالیت تقریباً 100 کروڑ روپے ہے۔ یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کے دفعات کے تحت کی گئی ہے۔
مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس گھوٹالے میں اب تک ضبط کی گئی جائیدادوں کی کل رقم 400 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگئی ہے۔ مرکزی ایجنسی کے مطابق یہ تازہ کارروائی جاری تحقیقات کا حصہ ہے، جس میں اب تک 400 کروڑ روپے کی جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں۔ ای ڈی نے الزام لگایا ہے کہ یہ جائیدادیں ہاؤسنگ کوآپریٹو سوسائٹیوں اور افراد جیسے اداروں کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، جو میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں سمیت بااثر افراد کے لئے ماسک یا ڈمی ہیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ اس نے لوک آیکت پولیس میسور کے ذریعہ سدارامیا اور دیگر کے خلاف تعزیرات ہند 1860 اور بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ 1988 کی مختلف دفعات کے تحت درج ایف آئی آر کی بنیاد پر اپنی تحقیقات شروع کی ہے۔ ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ جعلی الاٹمنٹس کرنے کے لیے قانونی دفعات اور حکومتی احکامات یا ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد