ممبئی، یکم جون (ہ س)ونچیت
بہوجن اگھاڑی کے رہنما پرکاش امبیڈکر نے وزیراعظم نریندر مودی کو نشانے پر لیتے
ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی کارروائی میں ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو نقصان
پہنچنے کے معاملے پر قوم کو سچ بتائیں۔ یہ مطالبہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان
کے تازہ بیان کے تناظر میں کیا گیا ہے جنہوں نے تسلیم کیا کہ 'آپریشن سندور' کے
آغاز پر پاکستان نے چند ہندوستانی طیاروں کو نشانہ بنایا تھا، اگرچہ یہ واضح کیا
کہ پاکستانی دعویٰ مبالغہ آرائی پر مبنی ہے۔
پرکاش امبیڈکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم
ایکس پر تحریر کیا، کیا نریندر مودی نے ہمیں اصل حقیقت سے محروم رکھا؟ کیا
وہ اب اس نقصان کی تفصیل سے وضاحت دیں گے جیسا کہ سی ڈی ایس نے سنگاپور کے انٹرویو
میں تسلیم کیا؟ ان سوالات کا جواب دینا ضروری ہے۔
اسی دوران کانگریس پارٹی نے بھی حکومت
کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے کہا، چیف آف ڈیفنس
اسٹاف کے بیان نے کئی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں، جن کا جواب صرف پارلیمنٹ کے خصوصی
اجلاس سے ہی مل سکتا ہے۔ مودی حکومت نے سچ چھپایا، مگر اب پردہ اٹھ رہا ہے۔
کھرگے نے کہا کہ ہمارے فضائیہ کے جوان
جان پر کھیل کر دشمن سے نبرد آزما ہوتے ہیں، ہمیں نقصان ہوا لیکن پائلٹ محفوظ رہے۔
ان کی جرات کو سلام ہے۔ کانگریس نے زور دیا کہ ایک غیر جانبدار ماہر کمیٹی کے ذریعے
ملک کی دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے جیسا کہ کارگل ریویو کمیٹی کے وقت کیا گیا
تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان