جموں,یکم جون (ہ س)۔ جموں کے میدانی علاقوں میں ہفتہ کے روز ہونے والی بارش نے شدید گرمی سے جھلستے عوام کو بڑی راحت پہنچائی، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں بے وقت برفباری کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں اور درجنوں مویشی ہلاک ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، کشتواڑ کے دچھن علاقے میں شام کے وقت بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بکروال برادری کی درجنوں بھیڑ بکریاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسی دوران محکمہ تعلیم جموں نے جموں ڈویژن کے سمر زون میں آنے والے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں میں 7 جون سے 16 جولائی تک 40 روزہ گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔حکام کے مطابق، پونچھ، راجوری، ریاسی، رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ کے بلند علاقوں میں دو سے تین انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں مغل روڈ اور سنتھن روڈ سمیت کئی اہم پہاڑی راستے بند ہو گئے۔
پیر کی گلی (مغل روڈ)، مرگن ٹاپ، سنتھن ٹاپ، وڑون کشتواڑ ، اور چسانہ (ریاسی) جیسے مقامات پر برفباری نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا، جب کہ کئی خانہ بدوشوں کے مویشی بھی اس شدید موسم کی نذر ہو گئے۔راجوری اور ریاسی کے بعض پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث کچھ کچے مکانات اور مویشیوں کے باڑے منہدم ہو گئے، تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق، جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.9 ڈگری اور کم سے کم 19.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کے معمول سے 6 ڈگری کم ہے۔ گزشتہ ہفتے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں آئے جموں میں بارش، تیز ہواؤں اور ابر آلود موسم کے باعث درجہ حرارت میں کمی نے شہریوں کو سکون کا سانس لینے کا موقع دیا۔
شہر میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ماتا ویشنو دیوی کے یاتریوں کے بیس کیمپ، کٹرا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.6 اور کم سے کم 17.2 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ یہاں 21.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر