نئی دہلی، یکم جون (ہ س)۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی ) نے سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ساتھ مل کر خصوصی زمرے کے مسافروں کے لیے میٹرو اسٹیشنوں پر ترجیحی سیکیورٹی جانچ کی سہولت شروع کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خصوصی ضروریات کے حامل مسافروں کو ہموار، محفوظ اور آسان سفر کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔
معذورین، حاملہ خواتین، چھوٹے بچوں والی خواتین، بزرگ شہری اور زخمی افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ایسے مسافروں کو اب میٹرو اسٹیشنوں پر سیکیورٹی چیکنگ کے دوران ترجیح دی جائے گی، تاکہ انہیں لمبی قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے۔
ڈی ایم آر سی نے اتوار کو کہا کہ یہ پہل میٹرو سسٹم کو مزید جامع، قابل رسائی اور حساس بنانے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے دہلی میٹرو اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ تمام مسافر، خاص کر خصوصی ضروریات والے، بغیر کسی پریشانی کے میٹرو خدمات حاصل کر سکیں۔
ڈی ایم آر سی نے کہا کہ اگر کسی مسافر کے بارے میں کوئی شک ہے تو سیکورٹی اہلکار ان سے مناسب دستاویزات دکھانے کی درخواست کر سکتے ہیں۔ ڈی ایم آر سی اور سی آئی ایس ایف مشترکہ طور پر اس اسکیم کے آسانی سے نفاذ کے لیے رہنما خطوط تیار کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام اہل مسافر بغیر کسی رکاوٹ کے فوائد حاصل کر سکیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈی ایم آر سی پہلے سے ہی دیویانگ جنوں اور بزرگ شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں، ٹیکٹائل پاتھ، وہیل چیئر کی سہولیات اور ریمپ جیسی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد