کولکاتا، یکم جون (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مغربی بنگال کے دورے پر کولکاتا پہنچ گئے ہیں۔ وہ ہفتہ کی دیر رات نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ شدید بارش کے باوجود بی جے پی لیڈروں اور حامیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ آج، یعنی اتوار، شاہ کا ایک دن کا پروگرام ہے، جس میں تنظیمی میٹنگز اور نامور شخصیات سے ملاقات کے پروگرام شامل ہیں۔
امت شاہ کا طیارہ ہفتہ کی رات تقریباً 10.45 بجے کولکاتا ایئرپورٹ پر اترا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سکانتا مجومدار، لیڈر حزب اختلاف شوبھندو ادھیکاری، سابق رکن پارلیمنٹ لوکیٹ چٹوپادھیائے، رکن اسمبلی اگنی متر پال سمیت سینئر بی جے پی لیڈر پہلے ہی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ ایئرپورٹ سے باہر آتے ہی ان کا قافلہ کچھ دیر کے لیے رکا اور وہ گاڑی سے نیچے اترے اور کارکنوں کا استقبال قبول کیا۔ اس کے بعد وہ بائی پاس پر واقع ایک ہوٹل کے لیے روانہ ہوئے جہاں انہوں نے رات گزاری۔
کولکاتا میں ہفتہ کی شام سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی تھی۔ کہیں موسلادھار بارش ہوئی تو کہیں ہلکی بوندا باندی، لیکن اس موسم نے بی جے پی کارکنوں کے جوش میں کمی نہیں کی۔ ائیرپورٹ پر سینکڑوں حامی پارٹی کے جھنڈے اور ہاتھوں میں ہار لے کر کھڑے تھے۔ خصوصی توجہ کا مرکز سرخ اور سفید ساڑھیوں میں ملبوس خواتین تھیں جو روایتی ڈھاک بجا رہی تھیں۔ شاہ کا طیارہ اترنے سے پہلے ہی فضا ڈھاک کی تھاپ اور کانسار کی آواز سے گونج رہی تھی۔
اتوار کی صبح سے امت شاہ کی موجودگی میں کئی اہم پروگرام طے ہیں۔ سب سے اہم پروگرام نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی تنظیمی میٹنگ ہے، جس میں ریاستی بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، منڈل صدور، ضلع انچارج اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ شاہ اس پلیٹ فارم سے آئندہ اسمبلی انتخابات (جو اب سے تقریباً 10 ماہ دور ہیں) کی حکمت عملی سے متعلق رہنما خطوط دیں گے۔
نیتا جی انڈور پروگرام سے پہلے شاہ راجر ہاٹ علاقے میں سی ایف ایس ایل (سنٹرل فورینسک سائنس لیبارٹری) کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ سیدھے نیتا جی انڈور اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ تنظیمی میٹنگ کے بعد شاہ ایک مذہبی اجتماع میں بھی شرکت کریں گے، جو سوامی وویکانند کی جائے پیدائش پر منعقد ہوگا۔ اس اجتماع کو انتہائی خفیہ رکھا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق اس میں مختلف مٹھوں، مشنوں اور روحانی اداروں کے سنتوں اور سادھوؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں ریاستی بی جے پی قیادت بھی موجود رہے گی۔
’آپریشن سندور‘ کے بعد امت شاہ کا بنگال کا یہ پہلا دورہ ہے۔ چند روز قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے علی پور دوار میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے بھارتی فوج کی بہادری کی تعریف کی اور ترنمول حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ اب شاہ کے اس دورے کو بی جے پی کی ’مشن بنگال‘ حکمت عملی کے اگلے مرحلے کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن