ایرانی خاتون دبئی سے 3.27 کروڑ روپے کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار
ممبئی، 9 مئی (ہ س)۔ کسٹمز ایئر انٹیلی جنس یونٹ ( اے آئی یو) نے ممبئی ایئرپورٹ پر ایک
ایرانی خاتون کو دبئی سے 3.27 کروڑ روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش کرتے
ہوئے گرفتار کر لیا۔ خاتون نے یہ سونا دبئی سے خریدا تھا اور اسے بھارت میں بیچنے
کا ارادہ رکھتی تھی۔
کسٹم ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز ایم
رزینی نامی 28 سالہ ایرانی شہری کو اس کے گرین چینل کراس کرنے کے بعد روکا گیا اور
اس سے پوچھا گیا کہ آیا وہ سونا یا کوئی ممنوعہ اشیاء لے کر آ رہی ہے، جس پر اس نے
انکار کیا۔ تاہم اس کے جواب سے مطمئن نہ ہونے پر اس کی ذاتی تلاشی لی گئی جس میں
اس کی کمر کے ارد گرد ایک پلاسٹک پاؤچ ملا، جس میں سونے کی دھول تھی، جس کا وزن
360 گرام تھا۔
حکام نے اس سونے کو ضبط کر لیا کیونکہ
یہ ہندوستان میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ رزینی نے اپنے بیان میں بتایا
کہ وہ جوتا بنانے کا کام کرتی ہے اور اس کی کم آمدنی تھی۔ اس نے کہا کہ اس نے
کسٹمز ریڈ چینل کو اطلاع دیے بغیر سونا اسمگل کرنے کی کوشش کی اور اس کا مقصد سونے
کو منافع کے لیے بھارت میں فروخت کرنا تھا۔ اس وقت اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں
اور ملزم کی گرفتاری کے بعد اسمگلنگ کے بڑے گٹھ جوڑ کی تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان