دہرادون، 9 مئی (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ریاست میں دہشت گردی کے خلاف جاری سخت کارروائی کے پیش نظر اعلیٰ حکام کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے خاص طور پر پولیس افسران سے کہا کہ وہ ہر مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھیں اور ریاست کے سیکورٹی نظام کو سخت رکھیں۔
وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ریاست کے سرحدی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی اور وہاں تعینات انتظامی یونٹوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست کے تمام اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات، جراحی کے آلات اور دیگر ضروری طبی وسائل کی مناسب مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ خوراک اور شہری سپلائی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں ضروری اشیائے خوردونوش، راشن اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ راحت اور بچاؤ ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ افواہوں سے بچنے اور عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی حفاظت ریاستی حکومت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور حکومت کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
اس دوران چیف سکریٹری آنند بردھن، ڈی جی پی دیپم سیٹھ، ہوم سکریٹری شیلیش بگولی، اے ڈی جی اے پی انشومن وغیرہ موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی