ایک خاتون افسر مسلم برادری سے تعلق
رکھتی ہیں، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مذہب سے قطع نظر ہر شخص ملک کے اتحاد کے
لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے
پونے، 9 مئی (ہ س)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے صدر شرد
پوار نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت دہشت گردی سے اپنا تعلق جتنی بھی بار جھٹلائے،
حقیقت یہ ہے کہ وہ اس میں براہ راست شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے
دوران مارے گئے دہشت گردوں کی آخری رسومات میں پاکستانی سرکاری اہلکاروں کی
موجودگی سے یہ بات پوری طرح ظاہر ہو گئی ہے۔
پوار نے جمعہ کے روز ستارہ میں بھاؤ
راؤ پاٹل کی 66 ویں برسی پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب
ہندوستان کو دہشت گردی کے سنگین بحران کا سامنا ہے، اس وقت ہماری افواج کسی بھی
صورتحال سے نمٹنے کی پوری اہلیت رکھتی ہیں۔ اس موقع پر ان کی بیٹی سپریہ سولے اور مہاراشٹر
کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی موجود تھے۔
شرد پوار نے واضح کیا کہ ہم نے
کبھی دہشت گردی کی پشت پناہی نہیں کی۔ حالیہ پہلگام واقعہ، جس میں 26 افراد مارے
گئے، دہشت گردوں کا حملہ ہے۔ اس میں پاکستان کی ملی بھگت کو جھٹلایا نہیں جا
سکتا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے، تو پھر
اس کے نمائندے پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردوں کے جنازوں میں کیوں شامل ہوئے؟
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ امن
کو ترجیح دی ہے، جسے وزیر اعظم اور دیگر رہنما بارہا دہراتے آئے ہیں، لیکن جب عام
شہریوں کی جان کو خطرہ لاحق ہو، تو حملے سے پہلے ہی دفاعی اقدامات اٹھانا ناگزیر
ہو جاتا ہے۔
پوار نے کہا کہ آج کی مسلح افواج پوری
طرح تیار ہیں اور ان کی مستعدی کو دیکھ کر ہر ہندوستانی فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں
نے کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کی مثال دی جو آپریشن سندور کے
بارے میں میڈیا کو بریفنگ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین افسران اس بات کی
علامت ہیں کہ فوج میں خواتین کی شرکت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے یاد کیا کہ اپنے وزیر دفاع کے
دور میں انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ مسلح افواج میں خواتین کی کم از کم 9
فیصد نمائندگی ہونی چاہیے، اگرچہ شروع میں فوجی قیادت نے اس خیال کو رد کیا، لیکن
بعد میں اسے قبول کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک خاتون
افسر مسلم برادری سے تعلق رکھتی ہیں، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مذہب سے قطع
نظر ہر شخص ملک کے اتحاد کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
بدھ کی صبح ہندوستانی افواج نے پہلگام دہشت
گرد حملے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اور پی او کے میں 9 دہشت گرد
ٹھکانوں کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا۔ ان میں بہاولپور میں جیش محمد کا گڑھ اور
مریدکے میں لشکر طیبہ کا مرکز بھی شامل ہے۔ اس کارروائی کے بعد دونوں ملکوں کے
درمیان حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان