نئی دہلی: 7 مئی (ہ س )۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی نظر میں وقت اور زمانہ کا سب سے بڑا ناسور اور سنگین جرم اور انسانیت کے لئے خطرناک اور گھناو¿نا گناہ دہشت گردی ہے، خواہ وہ جہاں ہو، جس شکل میں اور جس پیمانے پر ہو، کیونکہ ایک جان کو ناحق مار ڈالنا ساری انسانیت کا قتل ہے اور فتنہ وفساد کا باعث ہے،لیکن اگر یہ دہشت گردانہ سرگرمی عوام اور ملک کے خلاف ہو اور اس سے عوام وملک کے امن وسلامتی پر اگر ادنی آنچ آرہی ہو تواس کی شناعت اور خطرناکی مزید بڑھ جاتی ہے اور مرکزی جمعیت اس کی بیخ کنی کو واجب گردانتی ہے۔
ملک کی بہادر وجانباز مسلح افواج اور چوکس سیکورٹی اداروں نے اس ظلم وعدوان کے مرتکبین اور عالمی وآپسی امن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جو آپریشن سندور شروع کیا ہے، اس پر پورا ملک متحد ہے، اور اتفاق واتحاد اور قومی یکجہتی کے مظاہرے کا یہی سب سے اہم موقع ومحل ہے۔
لہذا ہم فوج کے ساتھ پوری مضبوطی اور یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور پُر زور انداز میں اس بات کی تاکید وتائیداور اپیل کرتے ہیں کہ تمام بھارتی صحیح معنوں میں قومی یکجہتی ، اتفاق واتحاد اور ایثار وقربانی کے جذبے سے سرشار ہوکر ان حالات کا ڈٹ کرمقابلہ کریں، امن وسلامتی کی دعا کریں اور کوئی ایسی بات ہرگز نہ کریں جس سے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو صدمہ پہنچتا ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais