ممبئی، 8 مئی (ہ س)۔
تھانے کے بھیونڈی علاقے میں جعلی کرنسی کی ایک
بڑی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے کرائم برانچ نے 6 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے
قبضے سے 45.5 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ، نوٹ چھاپنے کے آلات اور دیگر اشیاء برآمد کی
گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر امر سنگھ جادھو کے مطابق سینئر
پولیس انسپکٹر جناردن سوناونے کو اطلاع ملی تھی کہ بھیونڈی میں جعلی نوٹوں کی بڑی
مقدار میں ترسیل ہو رہی ہے۔ اس بنیاد پر اسسٹنٹ پولیس کمشنر شیکھر باگڈے کو ہدایت
دی گئی، جنہیں اطلاع ملی کہ اونچنت پاڑا میں ایک مشتبہ شخص جعلی نوٹ لے کر آ رہا
ہے۔ اس اطلاع پر اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر دھنراج کیدار کی قیادت میں ٹیم نے 3 مئی
2025 کو رات 9:15 بجے کارروائی کرتے ہوئے سورج تانا جی شیڈے، بھرت بالکو ساسے اور سوپنل
جگدیش پاٹل کو گرفتار کر لیا۔ ان کے پاس سے 5000 روپے مالیت کے 500 روپے کے جعلی
نوٹ برآمد ہوئے۔
مزید تفتیش کے بعد، 4 مئی کو مقدمہ درج
کیا گیا اور ان تینوں کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع ہوئی۔ 5 مئی کی رات 9:45 پر شانتی
نگر پولیس نے گینگ کے سرغنہ رام داس شالک دلوی اور اس کے دو ساتھیوں وجے سداما
کرناکر اور شیکھر رامداس کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 15.5 لاکھ روپے کے جعلی
نوٹ، ایک پرنٹر مشین، نوٹ چھاپنے کے کاغذات، نوٹ کٹر مشین اور لیپ ٹاپ ضبط کیا
گیا۔
تمام ملزمین کا تعلق بھیونڈی سے ہے۔ تھانے
کرائم برانچ اس معاملے میں یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ جعلی نوٹ کتنے عرصے
سے مارکیٹ میں چل رہے تھے اور ان کے خریدار کون لوگ تھے۔ تمام ملزمین پولیس حراست
میں ہیں اور تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان