مرزا پور، 4 مئی (ہ س)۔ اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے اہروہ تھانہ علاقے میں وارانسی-شکتی نگر روڈ پر کدرن کے قریب ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ریل بناتے وقت تیز رفتار موٹر سائیکل پیچھے سے سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں دو نوجوانوں کی موت ہو گئی، جب کہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوا ہے جسے وارانسی کے ٹراما سینٹر میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
تین نوجوان بائک پر سوار ہو کر ویڈیو ریل بنا رہے تھے۔ یہ تینوں نوجوان قریبی مزڈیہہ گاؤں کے رہنے والے تھے۔ مرنے والوں کی شناخت 17 سالہ مونو ولد تیواری بند اور 19 سالہ آرین ولد رام راج کے طور پر ہوئی ہے۔ تیسرا نوجوان چھوٹو ولد رام راج شدید زخمی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کی کارروائی جاری ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ حادثہ لاپرواہی اور ریل بناتے وقت پیش آیا جس نے ایک بار پھر روڈ سیفٹی اور نوجوانوں کی سوشل میڈیا کی لت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی