نئی دہلی،04مئی (ہ س)۔
مولانا غلام محمد وستانوی کے انتقال کی خبر پر امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کی رحلت، اس نازک وقت میں ملت اسلامیہ ہند کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ان کے انتقال سے ہم ایک مخلص خادمِ قرآن، باکمال منتظم، دینی و عصری تعلیم کے ممتاز ماہر، اور صاحبِ بصیرت عالم دین سے محروم ہو گئے ہیں۔ قوموں کی ترقی میں ادارہ سازی اور حسنِ انتظام کی صلاحیت کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور مولانا وستانوی? کی شخصیت اس وصف کا درخشاں نمونہ تھی۔ انہوں نے نہ صرف گوناگوں چیلنجوں کا حکمت و جرا¿ ت سے سامنا کرتے ہوئے متعدد دینی و عصری تعلیمی ادارے قائم کیے، بلکہ اپنے سلیقے، دور اندیشی اور حسن انتظام سے انہیں قلیل عرصے میں معیاری اداروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ دینی و عصری علوم کے امتزاج کی باتیں ملت کے مختلف حلقوں میں مسلسل ہوتی رہی ہیں لیکن اس کا جو کامیاب اور مو¿ثر تجربہ آپ کی سرپرستی میں ہوا، وہ ملک میں اپنی مثال آپ ہے۔
مختلف پروفیشنل علوم میں دینی تربیت اور کردار سازی کے ساتھ ماہر افراد کی تیاری ملت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ آپ نے اس دیرینہ خواب کو بھی ممکن کردکھایا۔ مولانا مرحوم ایک عملی شخصیت کے مالک تھے، وقت کے تقاضوں اور ضروریات کو بخوبی سمجھتے تھے اور انہیں توازن، اعتدال اور حکمتِ عملی کے ساتھ پورا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے تھے۔ اپنی ان متنوع صلاحیتوں کو جس استقامت، اخلاص اور ایثار کے ساتھ انہوں نے ملت کی خدمت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے استعمال کیا، وہ یقیناً انہیں ملت کے عظیم محسنوں کی صف میں شامل کرتا ہے۔امیر جماعت نے فرمایا کہ مولانا وستانوی اتحادِ ملت کے سچے داعی اور مضبوط نقیب تھے۔ وہ تمام مکاتبِ فکر کی نمائندہ شخصیات سے قریبی تعلقات رکھتے تھے اور ان کی دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔امیر جماعت نے مولانا مرحوم سے اپنے ذاتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ” ان سے میرے روابط اس دور سے ہیں جب میں ’ایس آئی او‘ کا صدر تھا۔ ہماری دعوت پر وہ ’ایس آئی او‘ کے بعض پروگراموں میں بھی تشریف لائے تھے اور بصد شفقت اپنے ادارے کا دورہ و معائنہ بھی کرایا تھا۔ نوجوانوں کی سرپرستی، حوصلہ افزائی اور خرد نوازی ان کی ہمہ جہت شخصیت کی ایک نمایاں خصوصیت تھی۔“
آخر میں، امیر جماعت نے مرحوم کے اہل خانہ بالخصوص محترم دوست جناب حذیفہ وستانوی سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کی بے مثال خدمات کو ان کے لیے صدق جاریہ بنائے، ان کے عظیم مشن کے تسلسل کا سامان فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais