نئی دہلی،4 مئی (ہ س)۔ مشرقی ضلع پولیس نے چھ بنگلہ دیشی خواتین کو گرفتار کیا ہے جو بھارت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھیں۔ یہ تمام خواتین مختلف علاقوں میں چھپ کر رہ رہی تھیں تاکہ ان کی شناخت نہ ہو سکے۔ پولیس نے انہیں ایف آر او کے سامنے پیش کیا۔ گرفتار خواتین کی شناخت میم اختر (23)، مینا بیگم (35)، شیخ مُنی (36)، پائل شیخ (25)، سونیا اختر (36) اور تانیہ خان (34) کے طور پر کی گئی ہے۔
مشرقی ضلع کے ڈی سی پی ابھیشیک دھنیا نے بتایا کہ منڈاولی پولیس اسٹیشن کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ منڈاولی علاقے کے دھیرج بلاک علاقے میں کچھ غیر قانونی بنگلہ دیشی شہری رہ رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک بنگلہ دیشی خاتون کو پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے پانچ اور خواتین کے بارے میں معلومات دی جو پہاڑ گنج علاقے میں رہتی تھیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار خاتون کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پانچ دیگر خواتین کو گرفتار کر لیا۔
ڈی سی پی کے مطابق تفتیش کے دوران ان کے پاس کوئی درست دستاویزات نہیں ملے اور یہ تمام لوگ گزشتہ ایک دو سال سے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں رہ رہے تھے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کے بارے میں فارن ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر او) کو مطلع کر دیا ہے۔ انہیں حراستی مرکز بھیج دیا گیا ہے اور جلد ہی انہیں ان کے ملک واپس بھیجنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد