بدلاپور اسکول معاملے سے جڑے انکاؤنٹر
کیس میں ایف آئی آر تاحال التوا کا شکار
ممبئی، 4 مئی (ہ س)۔
تھانے کے بدلاپور میں اسکول میں جنسی استحصال
کے واقعے سے وابستہ انکاؤنٹر کیس میں ممبئی کرائم برانچ کی جانب سے ایف آئی آر درج
کرنے میں مسلسل تاخیر ہورہی ہے، باوجود اس کے کہ بامبے ہائی کورٹ نے واضح حکم جاری
کرتے ہوئے فوری کارروائی کی تاکید کی تھی۔ کرائم برانچ نے عدالت کو یقین دہانی
کرائی تھی کہ 3 مئی تک ایف آئی آر درج کر لی جائے گی، لیکن ہفتہ تک اس پر عملدرآمد
نہیں ہو سکا۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر اور ایس آئی
ٹی کے رکن دتا نلاوڑے نے بتایا کہ تاحال ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے کیونکہ
ریاستی حکومت نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائم برانچ اس
معاملے کی فائلوں کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور عدالت سے مہلت کی باضابطہ درخواست
پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ کے حکم کے
خلاف ریاستی حکومت کی جانب سے داخل کی گئی اپیل پر 5 مئی کو سپریم کورٹ میں سماعت
متوقع ہے۔ یہ انکاؤنٹر کیس ستمبر 2024 میں سامنے آیا تھا، جب اسکول جنسی استحصال
کے الزام میں گرفتار ملزم اکشے شندے پولیس کارروائی کے دوران مبینہ طور پر مارا
گیا تھا۔
بامبے ہائی کورٹ نے پانچ پولیس
اہلکاروں کے خلاف اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ 30 اپریل کو
عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی آر کب تک درج ہوگی، جس پر کرائم برانچ نے ہفتہ
یعنی 3 مئی تک کا وقت طلب کیا۔ اس موقع پر جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور جسٹس نیلا
گوکھلے پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کرائم برانچ کے طرز عمل پر ناراضی کا اظہار کرتے
ہوئے واضح کیا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو عدالت توہین عدالت کی کارروائی
کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان