بیجنگ، 03 مئی (ہ س)۔ دفاعی چیمپئن چین نے ہفتے کے روز سدیرمن کپ 2025 میں جاپان کو 3-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ، چین اب اپنے ریکارڈ 14ویں خطاب کے بہت قریب ہے۔ گھریلو شائقین کے سامنے کھیلے گئے اس میچ میں چین نے ہر معاملے میں اپنا غلبہ دکھایا۔
عالمی نمبر 2 مکسڈ ڈبلز کی جوڑی چین کے فینگ یانزے اور ہوانگ ڈونگ پنگ نے میچ کا مضبوط آغاز کیا اور جاپان کی ہیروکی مدوریکاوا اور اریسا ایگاراشی کو 21-11، 21-17 سے شکست دی۔ اس کے بعد ٹاپ سیڈڈ شی یوکی نے مردوں کے سنگلز میں جاپان کے کودائی ناراوکا کو باآسانی 21-8، 21-16 سے ہرا کر چین کو 2-0 کی برتری دلائی۔
ویمنز سنگلز کا میچ انتہائی دلچسپ رہا جہاں جاپان کی اکانے یاماگوچی نے پہلا گیم جیت کر واپسی کی امیدیں بڑھا دیں۔ تاہم چین کے چن یوفی نے زبردست واپسی کی اور 17-21، 21-9، 21-16 سے کامیابی حاصل کی اور چین کو کلین سویپ دلا دیا۔
13 بار کے چیمپئن چین کا فائنل میں اب جنوبی کوریا یا 1989 کے چیمپئن انڈونیشیا سے مقابلہ ہوگا۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچ آج شام کھیلا جانا ہے۔ اب چین کی نظریں 14ویں بار سدیرمن کپ جیت کر اپنے خطابی سفر کو مزید شاندار بنانے پر لگی ہوئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد