جموں, 23 مئی (ہ س)۔
پاکستانی شیلنگ سے متاثرہ راجوری ضلع کا دورہ کرنے والے پانچ رکنی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) وفد نے حکومت پر سرحدی علاقوں میں رہنے والے خاندانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ پاکستانی شیلنگ سے پیدا ہونے والے انسانی المیے کو دیکھ کر ٹوٹے دل کے ساتھ واپس لوٹ رہے ہیں اور انہوں نے متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ٹی ایم سی وفد میں رکن پارلیمان ڈیرک اوبرائن، ساگرِکا گھوش، محمد ندیم الحق، مغربی بنگال کے وزیر مناس بھونیا اور سابق رکن پارلیمان ممتا ٹھاکر شامل تھے۔ یہ وفد جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے کے آخری مرحلے میں راجوری پہنچا۔وفد نے راجوری کے گورنمنٹ میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے علاج و معالجہ کے انتظامات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔راجیہ سبھا رکن ساگرِکا گھوش نے کہا کہ ہم یہاں مغربی بنگال کے عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران ہم نے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا، کل ہم پونچھ میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کا دورہ اس مقصد کے لیے تھا کہ وہ خود ان انسانی سانحات کا مشاہدہ کریں جو حالیہ شیلنگ کی وجہ سے پیش آئے۔سرحدی علاقوں کے لوگ سب سے زیادہ متاثر اور سب سے زیادہ نظر انداز کیے جانے والے افراد ہیں۔ ہم نے امتیاز احمد سے ملاقات کی جس کا ہاتھ ضائع ہو گیا ہے۔ وہ اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے، اب وہ کمانے کے قابل نہیں رہے۔ ان کے تین بچے ہیں اور وہ بالکل بے سہارا ہو گئے ہیں۔مزید کہا کہ ہم نے 12 سالہ رخسانہ سے بھی ملاقات کی جس کی ٹانگ بری طرح زخمی ہو چکی ہے۔ اب وہ نہ بھاگ سکتی ہے اور نہ اسکول جا سکتی ہے۔ راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقوں میں یہ دل دہلا دینے والے انسانی سانحات سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں کی مقامی آبادی کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔انہیں بہتر تحفظ کیوں نہیں دیا گیا؟ یہ معصوم لوگ سرحدی جنگ کا پہلا نشانہ بنتے ہیں اور ان کے پاس دفاع کا کوئی ذریعہ نہیں۔ آخر انہیں اتنے بھیانک زخموں سے کیوں گزرنا پڑتا ہے۔ساگرِکا گھوش نے کہا کہ ہمارے دل دکھ سے بھر گئے ہیں۔ ہم اس خطے کے لوگوں کی اذیتوں کو دیکھ کر گہرے صدمے کے ساتھ واپس لوٹ رہے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سابق ایم ایل اے اعجاز جان نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی سپریمو ممتا بینرجی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں پاکستانی شیلنگ سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے وفد بھیجا۔انہوں نے کہا کہ ہم وفد کے ارکان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے راجوری اور پونچھ کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر