نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔
ہاکی انڈیا نے جمعہ کو باضابطہ طور پر ہاکی انڈیا ماسٹرز کپ 2025 (مرد اور خواتین) کے پہلے ایڈیشن کی تاریخ اور مقام کا اعلان کیا۔ اس تاریخی ٹورنامنٹ کی میزبانی تمل ناڈو ہاکی یونٹ کرے گا اور یہ میچز 18 جون سے 27 جون 2025 تک چنئی میں کھیلے جائیں گے۔
یہ ٹورنامنٹ ہندوستانی ہاکی میں ایک نئی شروعات کا نشان ہے، جو تجربہ کار اور سابق کھلاڑیوں کو ایک وقف پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ مرد اور خواتین دونوں زمروں میں کھیلا جانے والا یہ ایونٹ اس بات کو ظاہر کرے گا کہ عمر کچھ بھی ہو، کھیل کے تئیں جذبہ اور لگن کبھی ختم نہیں ہوتی۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے مرد کھلاڑیوں کی عمر 40 سال یا اس سے زائد جبکہ خواتین کھلاڑیوں کی عمر 35 سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے۔
دونوں کیٹیگریز میں حصہ لینے والی ٹیموں کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ کھلاڑی اپنے متعلقہ ریاستی ممبر یونٹس کے ذریعے رجسٹریشن کر کے اس مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں۔ یہ مقابلہ لیگ کم ناک آو¿ٹ فارمیٹ میں منعقد کیا جائے گا، جس میں ٹیموں کی حتمی تعداد کی بنیاد پر پولز کا تعین کیا جائے گا۔
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی سابق کپتان اسونتا لکڑا نے اس تقریب کے بارے میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، پہلے ہاکی انڈیا ماسٹرز کپ کا حصہ بننا میرے لیے بہت جذباتی اور پرجوش لمحہ ہے۔ ہاکی نے مجھے وہ سب کچھ دیا ہے جو میں آج ہوں اور اتنے سالوں بعد ان ہی ساتھیوں کے ساتھ میدان میں واپس آنا ایک خاص احساس ہے۔
انہوں نے مزید کہا، یہ ٹورنامنٹ صرف ایک مقابلہ نہیں ہے، بلکہ ہمارے کھیل سے وراثت، جذبے اور زندگی بھر کے لگاو¿ کا جشن ہے۔ میں سابق کھلاڑیوں کے لیے یہ پلیٹ فارم بنانے کے لیے ہاکی انڈیا کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مجھے دوبارہ اپنے جوتے پہننے پر فخر ہے — اس کھیل کے لیے نہیں جو ہم نے کھیلا، بلکہ اس کھیل کے لیے جو ہمیں دیا گیا ہے۔
ہاکی انڈیا ماسٹرز کپ 2025 سابق کھلاڑیوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ نہ صرف میدان میں واپس آئیں بلکہ کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو بھی متاثر کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ