احمد آباد، یکم جون (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے کوالیفائر 2 میں آج پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شام 7.30 بجے سے کھیلا جائے گا۔ میچ ہارنے والی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ ختم ہو جائے گا، یعنی وہ ٹیم باہر ہو جائے گی، جب کہ جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی۔ جہاں اس ٹیم کا خطابی میچ میں 3 جون کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) سے مقابلہ ہوگا۔
رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کوالیفائر 1 میں آٹھ وکٹوں سے ہارنے کے بعد پنجاب کنگز کے پاس فائنل میں پہنچنے کا دوسرا موقع ہے۔ ایسے میں کپتان شریس ایر کی قیادت میں پنجاب کی ٹیم کے لیے یہ ’کرو یا مرو‘ کی صورتحال ہے۔ اگر ٹیم کو اپنا پہلا آئی پی ایل خطاب جیتنا ہے تو اسے پچھلی شکست کو بھول کر اس میچ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔ گزشتہ میچ میں پنجاب کنگز کی بلے بازی بہت خراب رہی تھی۔ ٹیم 101 رن پر آل آوٹ ہوگئی تھی۔ ایسے میں اسے ممبئی کے خلاف اپنی بلے بازی میں بہتری لانی ہوگی۔
دوسری جانب پانچ بار کی چیمپئن ممبئی انڈینس نے ایلیمینیٹر میں گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر کوالیفائر 2 میں جگہ بنالی ہے۔ممبئی کی ٹیم کو آئی پی ایل کے پلے آف میں کھیلنے کا کافی تجربہ ہے۔ یہی چیز ہاردک پانڈیا کی قیادت والی ممبئی انڈینس کو اس میچ میں ہلکی سی برتری دیتی ہے۔ ٹیم کے پاس جسپریت بمراہ جیسا اسٹار تیز گیندباز ہے۔
بلے بازی میں روہت شرما، سوریہ کمار یادو، تلک ورما کسی بھی وقت اپنے کھیل سے ممبئی کو میچ جتوا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کپتان ہاردک پانڈیا گیند اور بلے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ممبئی کی ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم ان کے لیے پنجاب کنگز کے چیلنج پر قابو پانا آسان نہیں ہوگا۔ موجودہ آئی پی ایل سیزن میں ممبئی کا پنجاب سے ایک بار ٹکراو ہوا ہے جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایسے میں کوالیفائر 2 کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہونے والا ہے۔
پنجاب کنگز کے ممکنہ پلیئنگ- 11: پریانش آریہ، پربھسمرن سنگھ، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، شریس ایر (کپتان)، نہال وڈھیرا، مارکس اسٹونیس، ششانک سنگھ، عظمت اللہ عمرزئی، ہرپریت برار، کائل جیمیسن، ارشدیپ سنگھ۔
ممبئی انڈینز کے ممکنہ پلیئنگ -11: روہت شرما، جونی بیرسٹو (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادیو، تلک ورما، ہاردک پانڈیا (کپتان)، نمن دھیر، راج انگد باوا، مچل سینٹنر، رچرڈ گلیسن، جسپریت بمراہ، ٹرینٹ بولٹ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن