مدھیہ پردیش کے چھ امرت اسٹیشنوں کا کیا گیا افتتاح، وزیر اعلیٰ نرمداپورم اسٹیشن کے افتتاحی پروگرام میں شریک ہوئے
بھوپال، 22 مئی (ہ س)۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو دنیا کا سرکردہ ملک بنانے کا عزم کیا ہے۔ ان کی قیادت میں ہندوستان بدلتے وقت میں تیزی سے بدل رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی دور اندیشانہ سوچ کی بدولت ہندوستانی ریلوے کو ایک نیا روپ ملا ہے۔ ہندوستانی ریلوے کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہونے والا ہے۔ ملک بھر میں نئی ریلوے لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ آزادی کے بعد ریلوے کو نارو گیج سے براڈ گیج میں آنے میں 100 سال لگ گئے۔ لیکن گزشتہ 11 سالوں میں ملک بھر میں ہزاروں کلومیٹر طویل ٹریکس کو تین اور چار لین ریلوے لائنوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت نے بی ای ایم ایل کو ریل کوچ مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کے لیے زمین فراہم کی ہے۔ اب مدھیہ پردیش میں ریلوے کے جدید ڈبے بھی بنائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو نرمداپورم امرت اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے بیکانیر میں منعقدہ ایک پروگرام سے ملک کے 103 امرت اسٹیشنوں کا ورچوئلی افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نرمداپورم ریلوے اسٹیشن پہنچ کر افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ پروگرام میں ریاست کے نرمدا پورم، کٹنی، اورچھا، سیونی، شاجاپور اور شریدھام امرت اسٹیشنوں کا افتتاح کیا گیا۔ تمام اسٹیشنز جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔ ان اسٹیشنوں میں ہندوستانی ثقافت، ورثہ اور مسافروں کی سہولیات شامل ہیں۔
نرمداپورم ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب میں ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ ڈاکٹر راکیش سنگھ، رکن پارلیمنٹ درشن سنگھ چودھری، راجیہ سبھا رکن مایا نرولیا، سابق اسمبلی اسپیکر سیتاشرن شرما اور مقامی اراکین اسمبلی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ امرت بھارت اسٹیشن یوجنا (اے بی ایس ایس) کے تحت ہندوستان کی 18 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 86 اضلاع میں واقع 103 امرت اسٹیشنوں کو 1100 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے چھ امرت اسٹیشنوں سمیت کل 103 اسٹیشنوں کا افتتاح ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اس سے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے میدان میں ایک نیا معیار قائم ہوگا۔ وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں ان اسٹیشنوں کا افتتاح بڑے فخر کی بات ہے۔ امرت اسٹیشن ملک کی 'ترقی کا’گیٹ وے‘ ثابت ہوں گے۔ یہ پہل وزیر اعظم مودی کے ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور اور وژن کا ایک اور زندہ ثبوت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں نرمدا پورم، بدھنی، اٹارسی، سوہاگپور ایک بڑے شہر کی شکل اختیار کر لیں گے۔ ریاستی حکومت نے نرمداپورم ضلع میں ایک علاقائی صنعتی کانفرنس کا انعقاد کیا، جہاں سولر آلات کی تیاری کے یونٹ قائم کیے جائیں گے۔ صنعتوں کے قیام کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور سیاحت کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ پچمڑھی کو ہندوستان کے بہترین سیاحتی مرکز کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ صنعتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نرمداپورم میں سیاحت بھی بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں آبپاشی کے رقبے کو بڑھانے کے لیے تین مختلف ندی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ نرسنگھ پور میں 26، 27 اور 28 مئی کو زرعی میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہاں کسانوں کو نئی زرعی ٹیکنالوجی اور ایگری بیسڈ انڈسٹری کی تربیت دی جائے گی۔ ریاست میں زراعت پر مبنی صنعتوں کو خصوصی ترغیب دی جا رہی ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن کے تحت خواتین کو خود انحصار بنایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں 31 مئی کو اہلیہ ماتا کی 300 ویں یوم پیدائش کے موقع پر بھوپال میں خواتین استحکام کاری پر ایک بہت بڑی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن